پاکستان سمیت ایشیا پیسفک کے 55 ممالک نے اتفاق کُلی سے بھارت کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دو سالہ رکنیت کیلئے حمایت کر دی ہے جس پر بھارت کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے سید اکبرالدین نے تمام ممالک کی جانب سے بڑے تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے اکبرالدین نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا پیسفک گروپ نے بھارت کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دو سالہ رکنیت 2021/22کی حمایت کر دی ہے ۔بھارت کے نمائندے کی جانب سے ٹویٹ کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں ان تمام ممالک کے نام اور جھنڈے شامل ہیں جنہوں نے بھارت کی حمایت کی ۔
پاکستان ، افغانستان ، بنگلہ دیش ، بھوٹان ، چین ، انڈونیشیا ، ایران ، جاپان ، کویت ، کرغزستان ، ملائیشیاء، مالدیپ ، میانمر ، نیپال ، پاکستان ، قطر ، سعودی عرب ، سری لنکا ، شام ، ترکی ، متحدہ عرب امارات ، ویت نام بھارت کی حمایت کرنے والے ممالک میں شامل ہیں ۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب بھارت کی جانب سے 26 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی اور بھارتی فضائیہ کے طیارے بالاکوٹ میں پے لوڈ گرانے کے بعد فرار ہو گئے تاہم اگلے ہی روز پاکستان نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھر پور جواب دیا لیکن بھارتی فضائیہ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر وہی غلطی دہرانے کی کوشش کی گئی لیکن اس بار بھارت طیارے واپس نہیں جا سکے ۔
دوبارہ سرحدی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے دو طیارے گرائے جس میں ایک پاکستان کی سرحد میں گرا جبکہ دوسرا بھارتی تاہم ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کیا گیا جسے بعدازاں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کیلئے وزیراعظم عمران خان نے فوری رہا کرنے کا اعلان کیا۔