معروف ترک ڈارما سیریز ارطغرل آذر بائیجان کے سرکاری چینل پربھی نشر کیا جائے گا۔
ترک خبر رساں ادارے کے مطابق آذر بائیجان کے سرکاری ٹیلی وڑن اے زیڈ ٹی وی نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈراما نشر کرنے کے حقوق حاصل کرلیے گئے ہیں۔ یہ ڈراما 2014 میں شروع ہونے کے بعد ہی ا?ذر بائیجان میں مقبول ہونا شروع ہوگیا تھا۔
آذری سرکاری چینل کے مطابق ڈرامے کی 150 اقساط کی ڈبنگ اور ایڈیٹنگ کے کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ سرکاری چینل پر یہ ڈراما ہفتے کے پانچ روز نشر کیا جائے گا۔واضح رہے اس سے قبل پاکستان میں ارطغرل غازی کو سرکاری ٹیلی وڑن پر نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور گزشتہ برس وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اس کے لیے باقاعدہ ہدایات جاری کیں جس کے بعدے سے پاکستان ٹیلی وڑن پر یہ ڈرامہ اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر کیا جارہا ہے۔خلافت عثمانیہ کے قیام سے قبل کے ترک خطے اور اسلامی دنیا کے حالات پر بنائی گئی یہ ٹی وی سیریز مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان میں مقبولیت کے اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ چکی ہے۔
دوسری جانب آرمینیا کے ساتھ سرحدی تنازعے پر شروع ہونے والی مسلح جھڑپوں میں بھی ترکی نے آذر بائیجان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کی قربتوں میں اضافہ ہوا ہے۔