پاکستان کے پہلے صدر اسکندر مرزا کا آخری بیٹا ہمایوں مرزا امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن کے نواحی علاقے میں انتقال کرگیا۔ ہمایوں مرزا کی عمر 93 برس تھی اور وہ اسکندر مرزا کے بچوں میں سب سے آخری تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق ہمایوں مرزا کی پیدائش 9 دسمبر 1928 کو بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں ہوئی تھی۔ ان کا انتقال میری لینڈ میں 12 اور 13 جون کی درمیانی شب ہوا۔ وہ اسکندر مرزا اور رفعت بیگم کے چھ بچوں میں دوسرے نمبر پر تھے اور ان کا انتقال سب سے آخر میں ہوا ہے۔
ہمایوں مرزا نے انڈیا، برطانیہ اور امریکہ سے تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ ورلڈ بینک سے منسلک ہوگئے اور 1988 میں ریٹائر ہوئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے دو کتابیں ” فرام پلاسی ٹو پاکستان، دی فیملی ہسٹری آف اسکندر مرزا” اور ” صدر کا بیٹا اور ایک تخت کا وارث ” (سن آف اے پریزیڈنٹ اینڈ ایئر ٹو اے تھرون) کے ناموں سے لکھیں۔
مرزا خاندان بنگال سے ہجرت کرکے پاکستان آیا تھا، اسکندر مرزا کے پردادا میر جعفر تھے جنہوں نے نواب سراج الدولہ کے ساتھ جنگ پلاسی میں غداری کرکے متحدہ ہندوستان پر انگریز کے 180 سالہ اقتدار کی راہ ہموار کی تھی۔