قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا سرکاری ٹی وی کی جانب سے ہرجانے کے نوٹس پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق شعیب اخترکا کہنا ہےکہ سرکاری ٹی وی نےسینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ آئے بغیر نوٹس بھیج دیا۔شعیب اختر کا کہنا ہےکہ اپنے وکیل کے ذریعے نعمان نیاز اور سرکاری ٹی وی کے ایم ڈی کےخلاف ہائی کورٹ جاؤں گا۔
نوٹس میں کہا گیا ہےکہ ورلڈکپ کے دوران آپ غیر حاضر رہے ، نوٹس پیریڈ کے بغیر استعفیٰ دینے پر 3 ماہ کی تنخواہ 33 لاکھ روپے ادائیگی کا بھی شعیب اختر سے مطالبہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 100ملین روپےکی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سرکاری ٹی وی چینل نے نوٹس میں راولپنڈی ایکسپریس سے مجموعی طور پر 10 کروڑ 33 لاکھ روپے کا ہرجانہ طلب کیا ہے، نوٹس کے مطابق شعیب اختر نے بتائے بغیر دبئی جا کر بھارتی کرکٹر کے ساتھ شو کیا جس سے سرکاری ٹی وی کو نقصان ہوا ۔
خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو سرکاری ٹی وی پر لائیو شو کے دوران پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے ویوین رچرڈز اور ڈیوڈ گاور سمیت دیگر مہمانوں کے سامنے شعیب اختر سے شو چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔