” چرس سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے” لیکن یہ خواہش کس کی ہے؟

وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے وادی تیراہ میں چرس سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے۔شہر یار آفریدی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں وہ لوگوں سے پشتو زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ وادی تیراہ میں چرس سے دوا بنانے کی فیکٹری کھولی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال بڑی مقدار میں چرس اور افیون جلا دی جاتی ہے، دنیا کے دیگر ملک منشیات سے دوائیں بناتے ہیں، فیکٹری کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، اللہ کے فضل سے منشیات سے دوا بنانے کی فیکٹری تیراہ میں لگائیں گے۔وزیرمملکت کے خطاب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور صارفین کی جانب سے تنقید کے ساتھ ساتھ طنز و مزاح کا سلسلہ بھی جاری ہے۔دوسری جانب وزیرمملکت شہریار آفریدی نے وائرل ویڈیو پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جھوٹے الزامات کے ساتھ وائرل ہے، میں کوہاٹ میں اپنے قبائلی عوام کو بتارہا تھا کہ حکومت تیراہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں نامیاتی دوائیں بنانے کے کارخانے لگائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھنگ سے بننے والے تیل (ہیمپ آئل) کی فیکٹریاں لگائیں گے جس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے سیاسی مخالفین کے میڈیا سیل کے پاس اب جھوٹ بیچنے کے سوا کچھ نہیں بچا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرمملکت شہریار آفریدی کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ کی گرفتاری و ضمانت پر رہائی کے معاملے پر مخصوص جملے ’جان اللہ کو دینی ہے‘ پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں