بعض لوگوں کو سردی زیادہ کیوں نہیں لگتی؟ سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں اس سوال کا حیران کن جواب دے دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اوسطاً ہر پانچ میں سے ایک آدمی ایسا ہوتا ہے جسے سردی بہت کم لگتی ہے۔ اس کی وجہ ان لوگوں میں ایک خاص قسم کی میوٹیشن کا ہونا ہے۔ ان لوگوں میں a-actinin-3نامی پروٹین موجود نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے انہیں سردی نہیں لگتی۔
رپورٹ کے مطابق یہ پروٹین فاسٹ ٹوِچ فائبرز (Fast-twitch fibres)میں پایا جاتا ہے۔ اس تحقیق میں سویڈن کے کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے سینکڑوں لوگوں کو 14ڈگری سینٹی گریڈ تک ٹھنڈے پانی میں بیٹھنے کو کہا اور ان کے پٹھوں کو جانچتے رہے۔ جن لوگوں میں مذکورہ پروٹین نہیں تھا ان میں سے 70فیصد اس قدرٹھنڈے پانی کو آرام سے برداشت کر گئے۔ جن لوگوں میں یہ پروٹین موجود تھا ان میں سے صرف 30فیصد اتنے ٹھنڈے پانی کو برداشت کر سکے۔اس تحقیق میں شامل لوگوں کی عمریں 18سے 40سال کے درمیان تھیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہیکن ویسٹربلیڈ کا کہنا تھا کہ ”ہماری تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ سردی لگنے میںa-actinin-3نامی پروٹین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ “