چینی شہری نے فیصل آباد میں مزدور کو جلتی ہوئی بھٹی میں پھینک دیا

چینی شہری نے فیصل آباد میں مزدور کو جلتی ہوئی بھٹی میں پھینک دیا

فیصل آباد میں ایک چینی شہری نے پاکستانی مزدور کو دھکا دے کر جلتی ہوئی بھٹی میں پھینک دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق یہ ہولناک واقعہ ساہیانوالہ انڈسٹریل سٹیٹ میں واقع ایک فیکٹری میں پیش آیا ہے جہاں یہ چینی شہری سپروائزر کی ملازمت کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مزدور اس سپروائزر کی ہدایات کو سمجھنے میں ناکام رہا جس پر یہ شخص غصے میں آ گیا اور اسے دھکا دے کر قریب جلتی بھٹی میں پھینک دیا۔

بھٹی میں گرنے سے مزدور کا جسم بری طرح جھلس گیا تاہم باقی مزدوروں نے اسے فوری طور پر باہر نکال لیا اور قریبی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔ سی پی او اظہر اکرام نے نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ”واقعے میں ملوث چینی شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ تفتیش ایس ایچ او اور ڈی ایس پی لیول کے آفیسرز کر رہے ہیں اور معاملے سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔“ اس واقعے کے بعد متاثرہ مزدور کے ساتھ کام کرنے والے ورکرز نے فیکٹری کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں