چین میں 20سال قبل گم ہونے والی ایک بیٹی اپنی ماں کو اس طریقے سے واپس مل گئی کہ سن کر آپ فلمی کہانیوں بھول جائیں گے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبہ جیانگ ژو کے شہر شوژاﺅ میں پیش آیا ہے جہاں یہ خاتون اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شریک تھی اور وہی اس نے پہلی بار اپنی ہونے والی بہو کو دیکھا تھا۔ اس نے اپنی ہونے والی بہو کو دیکھتے ہی پہچان لیا کہ وہ کوئی اور نہیں بلکہ اس کی 20سال قبل گم ہونے والی بیٹی ہے۔ اس وقت یہ لڑکی محض 3سال کی تھی جب وہ سفر کے دوران اپنی ماں سے بچھڑ گئی اور پھر کبھی اسے واپس نہ مل سکی۔
رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کے ہاتھ پر پیدائشی نشان موجود تھا جس کے ذریعے اس کی ماں نے اسے پہچانا۔ یہ نشان دیکھ کر خاتون نے لڑکی کے ماں باپ سے پوچھا کہ کیا انہوں نے اپنی اس بیٹی کو 20سال قبل گود لیا تھا؟ یہ سن کر لڑکی اور اس کے ماں باپ حیران رہ گئے کیونکہ یہ بات صرف وہی تین لوگ جانتے تھے۔ اس کے بعد جب خاتون نے حقیقت بتائی تو دلہن اپنی اصل ماں کے گلے لگ گئی اور ماں بیٹی فرط جذبات سے پھوٹ پھوٹ کر روتی رہیں۔
دلہن کا کہنا تھا کہ میں ہوش سنبھالنے کے بعد سے اپنے اصلی ماں باپ سے ملنے کی خواہش مند تھی جو آج پوری ہوئی۔ آج مجھے میری شادی سے زیادہ خوشی میری ماں کے ملنے کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس خاندان کی خوشی اس وقت دوبالا ہو گئی جب دلہن دلہے کی والدہ کی بیٹی نکل آنے کے باوجود ان کی شادی ہو گئی کیونکہ اس خاتون نے اپنے اس بیٹے کو گود لیا تھا اور وہ اس کی بیٹی کا بھائی نہیں تھا۔خاتون نے بتایا کہ اس نے کئی سال تک اپنی بیٹی کی تلاش کی لیکن پھر مایوس ہو کر اس نے اس بیٹے کو گود لے لیا تاکہ اس کا دل بہل جائے۔ یوں بالآخر یہ ماں اپنی ہی بیٹی کو بطور بہو بیاہ کر اپنے گھر لے گئی۔