بھارت میں ایک نوجوان نے خاتون کا سر دھڑ سے الگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار ڈالا اور کٹا ہوا سر لے کر پولیس سٹیشن پہنچ گیا۔ گلف نیوز کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ ریاست جھاڑ کھنڈ کے ضلع صاحب گنج میں واقع گاﺅں مہاندی پور میں پیش آیاجہاں 57سالہ سکل ٹوڈو نامی شخص نے متلو چورائے نامی خاتون کو قتل کیا۔ اس نے خاتون پر الزام عائد کیا کہ وہ کالا جادو کرتی ہے اور اس کے جادو کی وجہ سے اس کے 25سالہ بیٹے سوادھن ٹوڈو کی موت واقع ہوئی ہے۔
ملزم نے رات کے وقت خاتون کو قتل کیا اور اگلی صبح اس کا کٹا ہوا سر لے کر پولیس سٹیشن چلا گیا اور خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس نے پولیس والوں کو بتایا کہ ”یہ خاتون جادوگرنی تھی۔ اس نے کالاجادو کرکے میرے جوان بیٹے کو مارڈالا تھا۔ اس نے میرے بیٹے کو اس روز کہا تھا کہ تم شام کے وقت مر جاﺅ گے۔ ویسا ہی ہوا اور اسی روز شام کے وقت میرے بیٹے کی موت ہو گئی۔ چنانچہ میں نے بدلہ لینے کے لیے اسے قتل کر ڈالا ہے لہٰذا آپ مجھے گرفتار کر لیں۔“تھانے میں موجود عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ قاتل کے ہاتھ میں مقتولہ کا کٹا ہوا سر دیکھ کر پولیس والے بھی خوف سے کانپنے لگے۔رپورٹ کے مطابق قاتل کی دی ہوئی معلومات کے مطابق اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں اس نوع کی قتل کی وارداتیں اکثر ہوتی رہتی ہیں۔ صرف ریاست جھاڑکھنڈ میں گزشتہ 6سال کے دوران جادوگری کا الزام عائد کرکے 228خواتین کو قتل کیا جا چکا ہے۔