کتنے فیصد پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی سے خوش ہیں؟ نئے سروے کے حیران کن نتائج آگئے

کتنے فیصد پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی سے خوش ہیں؟ نئے سروے کے حیران کن نتائج آگئے

گیلپ کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ سروے میں نصف سے زائد پاکستانیوں نے وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ نصف کے قریب افراد وزیر اعظم کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔

گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے حالیہ سروے کے مطابق51 فیصد پاکستانیوں نے وزیر اعظم عمران خان کی اب تک کی کارکردگی کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا ہے۔ سروے میں حصہ لینے والے افراد سے سوال پوچھا گیا کہ ” وزیر اعظم عمران خان کی اب تک (یعنی 2018 کے الیکشن جیتنے کے بعد ) کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟“۔

اس سوال کے جواب میں 13 فیصد جواب دہندگان نے وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی کے بارے میں بہت اچھی رائے کا اظہار کیا جبکہ 38 فیصد پاکستانی عمران خان کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔ سروے کے 26 فیصد شرکا نے عمران خان کی کارکردگی کو خراب جبکہ 20 فیصد جواب دہندگان وزیر اعظم عمران خان کی اب تک کی کارکردگی کے بارے میں بہت خراب رائے رکھتے ہیں۔ سروے میں شریک تین فیصد افراد نے پوچھے گئے سوال پر کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی کارکردگی کے بارے میں شہری علاقوں میں رہنے والے افراد نے زیادہ مثبت رائے کا اظہار کیا اور 59 فیصد لوگ ان کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے جبکہ دیہی علاقوں میں صرف 47 فیصد افراد ہی وزیر اعظم سے خوش نظر آئے۔

واضح رہے کہ گیلانی ریسرچ فاﺅنڈیشن کا حالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے کیا گیا ہے۔ یہ سروے پاکستان کے چاروں صوبوں کی شہری و دیہی آبادی کے 1141 خواتین و حضرات سے 22 دسمبر سے 29 دسمبر 2018 کے دوران کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں