سٹاک ہوم( عاف کسانۂ نمائدہ خصوصی) کشمیر کمیٹی سویڈن کے صدر برکت حسین نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کے استعمال کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبر و تشدد بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکا۔ بھارت ایک طرف اپنے آپ کو جمہوریت کا علمبردار قرار دیتا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننا چاہتا ہے لیکن دوسری طرف نہ کشمیریوں کو حق خود آرادی دے رہا ہے اور نہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل پیرا ہے۔ سری نگر میں کشمیری عوام نے آزادی کے نعرے لگا کر پوری دنیا کو ایک بار پھر بتا دیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کسی کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے ہندو پنڈتوں کے لیے الگ بستیوں کے قیام کو تقسیم کشمیر قرار دیتے ہوئے کہ ایک طرف بھارت سیکولر ازم کا پرچار کرتا ہے لیکن دوسری جانب وہ خود اس کے خلاف قدم اٹھا رہا ہے۔ کشمیر کمیٹی سویڈن اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہم آواز ہے اور یہاں سویڈن کے سیاسی و سفارتی حلقوں کو اس سے آگاہ کرتی رہے گی۔ برکت حسین نے کہا کہ ٢ مئی بروز اتوار کو کشمیر کمیٹی کا سالانہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں نئے انتخابات اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ اس پروگرام میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے اور شرکاء کے اعزاز میں ضیافت بھی دی جائے گی۔