امریکہ میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے 70 سالہ بزرگ شہری کو 11 لاکھ 22 ہزار 501 ڈالر (تقریباً ساڑھے 18 کروڑ روپے) کا بل تھمادیا گیا۔
امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والے 70 سالہ بزرگ شہری مائیکل فلور کو 4 مئی کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، وہ 62 روز زیر علاج رہنے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہوئے، ان کے ہسپتال میں علاج کا خرچہ انتظامیہ نے 11 لاکھ 22 ہزار 501 ڈالر بنادیا۔
علاج کے دوران ایک موقع ایسا بھی آیا جب مائیکل فلور موت کے منہ میں پہنچ گئے، جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے ان کی اپنے اہلخانہ سے آخری ملاقات بھی کرادی تاہم خوش قسمتی سے وہ اس مشکل وقت سے بھی بچ گئے۔
مائیکل فلور کے علاج کا بل 181 صفحات پر مشتمل ہے جس میں علاج کے تمام اخراجات تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں۔ خوش قسمتی سے مائیکل فلور کی ہیلتھ انشورنس تھی جس کے باعث اتنا بھاری بل ان کی بجائے انشورنس کمپنی کے کھاتے میں چلا گیا ہے۔