بھارت میں کورونا کی صورتحال انتہائی بدتر ہوگئی ہے اور ہر 4 منٹ میں ایک شخص وائرس سے ہلاک ہورہا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوزکی رپورٹ کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، ملک میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کے باعث صورتحال مزید خطرناک ہوگئی ہے، ہسپتالوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں موجود ہیں تاہم ہسپتال میں جگہ نہ ہونے کے باعث عوام فٹ پاتھ پر سلنڈرز لیے نظر آرہے ہیں۔
بھارت میں ہر آنے والا دن کورونا کے ریکارڈ توڑ رہا ہے، بھارتی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے مزید346,786 افراد متاثر ہوئے جب کہ 2624 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی ہے، اس کے علاوہ وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں بھارت اب دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ماہرین کے مطابق بھارت میں صورتحال اس قدر خراب ہے کہ کورونا کی وجہ سے ہر 4 منٹ میں ایک شخص کی موت ہورہی ہے جب کہ وبا کی حالیہ لہر کم از کم 3 ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے نتیجے میں اموات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔