کورونا وائرس کی وباءکے باعث لوگوں کے اعصاب کچھ ایسے شل ہوئے کہ خودکشیوں سمیت کئی انتہائی افسوسناک واقعات دیکھنے کو ملے۔ ایسا ہی المناک واقعہ برطانیہ میں پیش آیا تھا جہاں اس موذی وباءکے خوف سے ایک ماں نے اپنی 5سالہ بچی کو چھری کے وار کرکے قتل کر دیا تھا اور پھر اپنی بھی جان لینے کی کوشش کی تھی مگر اسے بچا لیا گیا۔ اس خاتون کو اب پاگل خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس 36سالہ خاتون کا نام سوتھا سیوانانتھم تھا جو لندن کی رہائشی تھی۔
سوتھا کو یہ خوف لاحق ہو گیا تھا کہ اس کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہو جائے گی اور اس کی بچی لاوارث رہ جائے گی۔ اسی خوف کے پیش نظر سوتھا نے یہ المناک قدم اٹھا لیا۔ اس نے بچی کی گردن اور سینے پر چھری سے 15وار کیے اور اس قتل کرنے کے بعد اپنے پیٹ میں بھی چھری گھونپ لی، تاہم اسے بروقت ہسپتال پہنچا دیا گیا اور اس کی جان بچ گئی۔ عدالت نے اب سوتھا کو پاگل خانے بھجوا دیا ہے جہاں اس کا علاج بھی کیا جائے گا۔