امریکہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک قیدی کو جیل سے رہا کر دیا گیا لیکن اس بدبخت نے جیل سے نکلتے ہی ایک آدمی کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور واپس دوبارہ جیل پہنچ گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس شخص کا نام جوزف ویلیمز ہے جو فلوریڈا کی ہلزبورو کاﺅنٹی جیل میں قید تھا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس جیل سے ایسے 164قیدیوں کو رہا کر دیا گیا تھا جو معمولی جرائم میں قید تھے۔ ان میں جوزف بھی شامل تھا۔
رپورٹ کے مطابق جوزف رہائی کے بعد اپنے قصبے میں گیا اور وہاں فائرنگ کرکے ایک آدمی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے اسے گزشتہ روز دوبارہ گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ”جوزف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس پر اسے رہا کیا گیا تھا لیکن اس نے اپنی طبی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔“ رپورٹ کے مطابق تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ جوزف نے اس آدمی کو قتل کیوں کیا۔