ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے 29 اپریل سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ترکی کی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس کے بعد صدر اردگان نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 29 اپریل سے 17 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ اس دوران نہ صرف کاروبار بند رہیں گے بلکہ بین الصوبائی نقل و حرکت پر بھی پابندی ہوگی۔
رجب طیب اردگان نے کہا کہ ہمیں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کیسز کو کم کر کے پانچ ہزار کی سطح تک لانا ہے اور اگر ایسا نہ ہوا تو سیاحت اور تجارت سمیت ہر شعبے میں نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ ترکی میں کورونا کی صورتحال تشویشناک رخ اختیار کرچکی ہے۔ 16 اپریل کو ترکی میں کورونا کے 63 ہزار کیسز سامنے آئے تھے تاہم اتوار کے روز ملک بھر میں 39 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔ پیر کو ترکی میں کورونا کے کیسز کی تعداد 37 ہزار رہی جبکہ 353 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔