بالوں میں خشکی ہونے کی سب سے بڑی وجہ سر کی جلد کا چکنائی دار ہونا ہے۔ گرمیوں کے موسم میں حدت، پسینے اور نمی سے سر کی جلد پر چکنائی آ جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بالوں کو باقاعدگی سے نہ دھونے سے بھی سر کی جلد چکنی ہو جاتی ہے۔ فیمینا ڈاٹ آئی این کے مطابق ڈاکٹر بی ایل جنگید کا کہنا ہے کہ 18سے 25سال کی عمر کے لوگوں کو بالوں میں خشکی کا سب سے زیادہ مسئلہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس عمر میں سیباسیﺅس نامی غدود تیل بہت زیادہ پیدا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کے سر کی جلد بہت زیادہ چکنی رہتی ہے۔
ایک اور ماہر ڈاکٹر گوپال کا کہنا تھا کہ سر کی جلد زیادہ چکنی ہونے کے علاوہ اور بالکل خشک ہو جائے تو بھی ڈینڈرف آ جاتی ہے اور یہ کسی ایک موسم کی پابند نہیں ہے، یہ کسی بھی موسم میں ہو سکتی ہے۔ انسان جو محسوس کرتا ہے وہ اس کے جسمانی افعال پر بہت اثرانداز ہوتا ہے۔ چنانچہ ذہنی پریشانی اور تھکاوٹ وغیرہ بھی خشکی کے مسئلے کی وجہ ہو سکتے ہیں۔ دیگر وجوہات میں ناقص خوراک، کنگھی زیادہ کرنا، ہارمونز میں بگاڑوغیرہ شامل ہیں۔ خشکی سے نجات کے لیے اپنے بالوں کو باقاعدگی سے دھونا لازمی ہے۔ کسی اینٹی ڈینڈرف شیمپو سے بالوں کی صفائی خشکی کے خاتمے کی طرف پہلا قدم ہو تا ہے۔ ہفتے میں کم از کم دو بار اپنے سر کو ایسے شیمپو سے دھوئیں جس میں زنک پائرتھیون اور کیٹوکونازول ہوں۔