گیرینا نے ’فری فائر ورلڈ سیریز سنگا پور ‘ ٹورنامنٹ2021 (FFWS 2021 SG) کا اعلان کر دیاہے جس میں جیتنے والی ٹیم کیلئے موبائل ای سپورٹس گیم میں اب تک کاسب سے بڑا نعام ” 20 لاکھ امریکی ڈالر“ رکھا گیا ہے، ٹورنامنٹ رواں سال مئی میں سنگاپور میں کھیلا جائے گا ،فری فائر ورلڈ سیریز میں 14 علاقوں سے 22 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔
گزشتہ سال سنہ2020 میں ٹورنامنٹ آن لائن کھیلا گیا تھا لیکن اب ٹورنامنٹ کا انعقاد سنگا پور میں کروایا جارہاہے جو کہ فری فائر انٹر نیشنل ای سپورٹس کیلئے واپس معمول پر آنے کا آغاز ہے ۔فری فائر کی عالمی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ایپ اینی کے مطابق یہ سنہ 2020 میں iOS اور گوگل پلے سٹورپر سب سے زیادہ ڈاون لوڈ ہونے والی موبائل گیم رہی ہے۔
فری فائر کی ورلڈ سریز ای سپورٹس کا سب سے بڑا اور شاہکار ٹورنامنٹ ہے ، 2019 میں فری فائر ورلڈ سیریز ریو کو20 لاکھ سے زائد ناظرین نے آن لائن دیکھا جو کہ ای سپورٹس چارٹس کے مطابق موبائل ای سپورٹس ٹورنامنٹ میں عالمی ریکارڈ تھا ۔
فری فائر ورلڈ سیریز 2021 سنگا پور 22 مئی کو پلے اِن اور 29 مئی کو فائنلز کی میزبانی کرے گا جبکہ اس سے قبل 24 اپریل کو پلے اِ ن اور یکم اپریل کو فائنلز کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کی عالمی سطح پر صورتحال کے پیش نظر تاریخوں کو تبدیل کر دیا گیا ۔
ٹورنامنٹ کے تحت 14 علاقوں سے 22 ٹیمیں کو سنگا پور لایا جائے گا جہاں وہ ’ فری فائر ورلڈ چیمپئن ‘ کا ٹائٹل اور 20 لاکھ ڈالر کا انعام جیتنے کیلئے مقابلے کیلئے میدان میں اتریں گی۔پلے اِن مرحلے میں 12 ٹیمیں شامل ہوں گی جو کہ علاقائی سطح پر ٹورنامنٹ میں پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں ۔ اس کے بعد پلے اِ ن مرحلے کی سر فہرست دو ٹیمیں فائنلز میں ہر علاقائی سطح کے ٹورنامنٹ کے ٹاپ 10 سیڈ میں شامل ہوں گی ۔ٹیموں کے درمیان تین نقشوں پر مجموعی طور پر چھ مرحلے ہوں گے جن میں وہ مد مقابل ہوں گی ، راونڈز کی درجہ بندی اور کلز (Kills) کی بنیاد پر پوائنٹس دیئے جائیں گے ۔
ایف ایف ڈبلیو ایس 2021 ایس جی نے گیرینا کی عالمی برادری کو ای سپورٹس کا بہترین مواد فراہم کر تے ہوئے محظوظ کرنے کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالی ہے ۔ٹورنامنٹ میں شامل تمام افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ گرینہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام سرگرمیاں مروجہ صحت عامہ کے پروٹوکول اور ٹریول پالیسیوں کے مطابق ہوں۔
اس مقصد حصول کیلئے گیرینا سنگاپور ٹورزم بورڈ (ایس ٹی بی) کے تعاون، صنعت کے مختلف ماہرین اور تنظیموں سنگاپور سائبر سپورٹس اور آن لائن گیمنگ ایسوسی ایشن (SCOGA) کے ساتھ مل کر FFWS 2021 SG کا اہتمام کررہی ہے۔
گلوبل ای سپورٹس کے منیجر جسٹن لائی نے کہا ’ہم جانتے ہیں کہ ورلڈ سیریز ہمارے کھلاڑیوں اور شائقین کے لئے کتنی زیادہ اہمیت رکھتی ہے، لہٰذا ہم متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر یہ یقینی بنارہے ہیں کہ انہیں سب سے بڑا فری فائر ٹورنامنٹ دیں جس کی مثال بھی نہ ملتی ہو ۔ جب ہم اس پروگرام کو انجام دیتے ہیں تو حفاظت ہماری سب سے بڑی ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔ سنگاپور اس ورلڈ سیریز کے لئے بہترین انتخاب ہے ، ہم مقامی حکومت اور صنعت کے ماہرین کی طرف سے ملنے والی حمایت کے لئے شکر گزار ہیں۔جسٹن نے مزید کہا کہ سنگاپور میں فری فائر کے بہترین کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کا یہ ایک اچھا موقع ہوگا۔‘
ٹورازم کانسیپٹ ڈویلپمنٹ سنگا پور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جین اینگ کا کہنا تھا ’ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم اپنے ملک سے تعلق رکھنے والی کمپنی کی حمایت کر رہے ہیں، ہم سنگاپور میں کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیموں کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں اور اس بات کیلئے پر عزم ہیں کہ ایونٹ انتظامیہ کے ساتھ مل کر ایک محفوظ اور کامیاب ایونٹ کا انعقاد یقینی بنائیں۔‘
ایس سی او جی اے کے شریک بانی نکولس کھو کا کہنا ہے،’ہمیں خوشی ہے کہ گیرینا نے سنگاپور کو اپنے مشہور فری فائر ورلڈ سیریز ٹورنامنٹ کے لئے منتخب کیا ہے۔ یہ عالمی سطح پر ایک سب سے بڑا موقع ہے جس سے سنگا پور میں ای سپورٹس کو زبردست فروغ ملے گا۔ یقینی طور پر یہ ایک اہم سنگ میل ہے ، ہم سنگاپور میں تمام شرکا کی بحفاظت میزبانی کے منتظر ہیں کیونکہ وہ فخر اور شان کے لئے مقابلہ کرتے ہیں۔‘
فری فائر ایک دلچسپ کھیل ہے جو خاص طور پر موبائل گیمرز کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ گرینا کے ذریعے عالمی سطح پر تیار اور شائع ہوا۔ فری فائر نے 2020 میں روزانہ 100 ملین سے زائد فعال صارفین کا ریکارڈ قائم کیا۔ یوٹیوب پر فری فائر کا مواد بھی اس سال کے لئے تیسرا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کھیل تھا جس کے ویوز کی تعداد 72 ارب تھی۔