سبزی خوری کے بہت سے فوائد بھی ہیں مگر کٹڑ سبزی خور بن جانے کے کئی نقصانات بھی ہو سکتے ہیں جن میں سے ایک انتہائی تشویشناک نقصان سائنسدانوں نے اس نئی تحقیق میں بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے اپنی اس تحقیق میں بتایا ہے کہ جو لوگ جانوروں سے حاصل ہونے والی خوراک سے مکمل اجتناب برتتے اور کٹڑ سبزی خور بن جاتے ہیں ان کی ہڈیاں اتنی زیادہ کمزور ہو جاتی ہیں کہ ان کے ٹوٹنے کا خطرہ گوشت خوروں کی نسبت 43فیصد زیادہ ہو جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ جو لوگ گوشت کھاتے ہیں ان کی ہڈیاں کٹڑ سبزی خوروں کی نسبت 2.3گنا کم ٹوٹتی ہیں۔ اس تحقیق میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے نوفیلڈ ڈیپارٹمنٹ آف پاپولیشن ہیلتھ کے سائنسدانوں نے 55ہزار لوگوں کی غذائی عادات کا جائزہ لیا اور ان کی ہڈیوں کی مضبوطی سے کے ساتھ تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ٹیمی ٹونگ کا کہنا تھا کہ ”سبزی خوروں کے جسم میں کیلشیم اور پروٹین کی کمی واقع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کی ہڈیاں فریکچر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوجاتا ہے۔ ہمیں کسی بھی غذائی عادت کو اپنانے سے پہلے اس کے فوائد اور نقصانات دونوں کو بغور دیکھ لینا چاہیے اور ایسی خوراک اپنانی چاہیے جس میں ہمارا باڈی میس انڈیکس صحت مندانہ رہے۔ ہم نہ ہی انتہائی دبلے پتلے ہو جائیں اور نہ ہی موٹاپے کا شکار۔“