امریکی ریاست آئیڈہو میں ایک گھر کی تزئین و آرائش کے دوران خاتونِ خانہ کی اس وقت چیخ نکل گئی جب ایک دیوار سے پلستر ہٹانے پر بیس بال کارڈز کی بڑی کولیکشن نظر آئی۔
ڈیلی سٹار کے مطابق ملیسا بروڈٹ نے دسمبر 2021 میں بوئزی میں گھر خریدا تھا جس میں منتقل ہونے کے بعد انہوں نے اس کی تزئین و آرائش کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کیلئے ملیسا نے جب ایک بیڈ روم کی دیوار کا پلستر اکھاڑا تو اس کے پیچھے بیس بال کارڈز نظر آئے۔
ملیسا کے 23 سالہ بیٹے لیوک کے مطابق وہ اس وقت دوسرے کمرے میں تھے جب انہوں نے اپنی والدہ کی چیخ سنی ۔ جب وہ بھاگ کر کمرے میں آئے تو ان کی آنکھوں کے سامنے حیرت کا ایک جہان تھا۔ اس دیوار پر 70 اور 80 کی دہائی کے بیس بال کھلاڑیوں کے 1600 کارڈز لگے ہوئے تھے۔
تحقیق پر پتا چلا کہ سنہ 1969 میں کرس نیلسن نے یہ گھر تعمیر کیا تھا اور بیس بال کارڈز کی کلیکشن ان کے بیٹے کی تھی جو اب 44 برس کا ہوچکا ہے۔ جب اس شخص کے ساتھ بات کی گئی تو اس نے بتایا کہ بچپن میں وہ بیس بال کا دیوانہ تھا اور اسے یہ کارڈز جمع کرنے کا شوق تھا۔ اس وقت اس کے پاس 15 ہزار سے زائد کارڈز تھے۔ انہوں نے اپنی ماں کے مشورے پر 1600 کارڈز کو دیوار پر چپکا دیا۔ کئی سال تک یہ کمرہ ہر آنے والے کی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔