حمل کا وقت شادی شدہ خواتین کے لیے قدرے فراغت کا وقت ہوتا ہے کہ وہ کام کاج کم کر دیتی ہیں۔ تاہم آسٹریلیا میں دو حاملہ خواتین نے ان فراغت کے دنوں میں ایک ایسا کام شروع کر دیا کہ چند ماہ میں ہی وہ کروڑ پتی بن گئیں۔ میل آن لائن کے مطابق جینی سیویل اور اس کی نند جیما ٹیلر حاملہ ہوئیں تو انہیں مل بیٹھنے اور سوچنے کا وقت ملا۔ وہ ہمیشہ سے کوئی کاروبار کرنا چاہتی تھیں، چنانچہ اس فرصت کے وقت میں انہوں نے کاروبار کی نوعیت پر تبادلہ خیال کرنا شروع کر دیا۔ اسی دوران انہیں خواتین کے سینڈلز بنا کر فروخت کرنے کا آئیڈیا آیا اور انہوں نے انہی دنوں اپنے گھر کے گیراج میں یہ کام شروع کر دیا۔
جینی اور جیما کے سینڈلز اس قدر پسند کیے گئے کہ پورے آسٹریلیا سے ان کو آرڈر موصول ہونے لگے اور ان کا کاروبار بڑھتا چلا گیا۔ انہوں نے اس کے لیے باقاعدہ ورکشاپ بنائی اور ملازمین رکھے۔ اب وہ روزانہ 700جوڑے سینڈلز فروخت کر رہی ہیں اور ہمہ وقت 1ہزار سے زائد لوگوں کے آرڈر انتظار کی قطار میں لگے ہوتے ہیں۔جیما اور جینی کا کہنا تھا کہ ”ابتداءمیں ہم سینڈلز بنا کر اپنی دوستوں کے گھر جاتیں اور انہیں پہنا کر کہتیں کہ یہ خرید لو۔ انہیں ہمارے ڈیزائن بہت پسند آتے جس سے ہمارا حوصلہ بڑھا۔پھر ہم نے فیس بک پر ایک پیج بنایا جہاں اپنے بنائے سینڈلز کے مختلف ڈیزائنز کی تصاویر پوسٹ کیں تو وہاں بھی ہمیں بہت مثبت ردعمل ملا۔ آج بھی فیس بک ہمارے لیے بیسٹ سیلنگ پلیٹ فارم ہے اور ہمارے زیادہ تر آرڈر وہیں سے آتے ہیں۔ رواں سال ہم نے 40ہزار جوڑے فروخت کیے اور 28لاکھ ڈالر (تقریباً 37کروڑ 34لاکھ روپے)کمائے۔“