وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازاور پاک فوج کا اہم کارنامہ
حکیم احمد حسین اتحادی گولڈمیڈلسٹ
تیس سال بعد ہارس اینڈ کیٹل شو 2025 کا شاندار انعقاد لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں ایک تاریخ ساز موقع ثابت ہوا، جس نے پنجاب کی سرزمین پر دیہی معیشت کی بحالی، زرعی انقلاب اور ثقافتی ورثے کے احیاء کی نئی امیدوں کو جنم دیا۔ یہ ایونٹ نا صرف پنجاب کی ثقافتی روایات کاخوبصورت مظہر تھا بلکہ زرعی ومعاشی ترقی، لائیوسٹاک اورسیاحت کے فروغ کے لئے بھی سنگ میل ثابت ہوا۔ یہ شو 9 فروری سے 24 فروری تک جاری رہا اور اس میں نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شرکت دیکھنے کو ملی۔ حکومت پنجاب، پاک فوج اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اس تقریب کو کامیاب بنایا گیا، جو کہ دیہی معیشت اور زرعی صنعت کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہواہے۔ اس شو نے پاکستان کی ثقافتی پہچان کو ایک نئی جہت دی، جہاں ملکی اور غیر ملکی شرکاء نے
بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز 1960کی دہائی میں ہوا تھا، مگر تیس سال کے تعطل کے بعد اس کی بحالی ایک غیر معمولی اقدام تھا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ یہ شو دیہی معیشت اور زرعی ترقی میں ایک نیا باب کھولے گا۔ اس تقریب میں گھڑ سواری، نیزہ بازی، لوک رقص، اور ثقافتی نمائشوں نے شرکاء کو محظوظ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں خصوصی دلچسپی لی۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینے اور کسانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شو ناصرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کی دیہی معیشت، زرعی ترقی اور عوامی خوشحالی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان کی قیادت میں حکومت پنجاب نے نہ صرف بہترین انتظامات کیے بلکہ کسانوں اور مویشی پالنے والوں کے لیے خصوصی سہولیات اور سبسڈی کے اعلانات کیے تاکہ زرعی اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اس شاندارایونٹ کی تیاریوں کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سینئروزیر مریم اورنگزیب کی زیرنگرانی حکومتی اقدامات قابل ستائش رہے۔پاکستان ہارٹی کلچراتھارٹی نے شب و روز محنت کی۔
ہارس اینڈ کیٹل شو 2025 کی تیاری کئی ماہ پہلے شروع کر دی گئی تھی۔ حکومت پنجاب نے ایونٹ کی سیکیورٹی، صفائی، اور دیگر انتظامی معاملات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ اس تقریب کی کامیابی کے لیے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور تعاون کیا۔اس کامیاب شو کے انعقادپر ہرادارہ لائق صدتحسین ہے۔ یہ روایتی میلے پنجاب کی عوام کے اتحاد،ہم آہنگی اور یکجہتی کا اہم ذریعہ ہیں۔وقتافوقتا ایسے پروگرامزکاانعقادہوناچاہئے۔ اس موقع پر پنجاب حکومت نے تمام اضلاع سے مویشی پال کسانوں اور زمینداروں کو شرکت کی دعوت دی اور ان کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی معیشت کی ترقی کے لیے کئی اقدامات کا اعلان کیا، جن میں زرعی مشینری پر سبسڈی، آسان قرضے اور زرعی بیمہ اسکیم شامل ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ڈرپ ایریگیشن سسٹم اور معیاری کھادوں اور بیجوں کی فراہمی کے منصوبے متعارف کروائے گئے۔ مویشی پال حضرات کے لیے ویٹرنری موبائل کلینکس اور ویٹرنری ہسپتالوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے اعلانات کیے گئے، جبکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے خصوصی مراعات دی گئیں۔ کسانوں کو جدید زرعی مشینری فراہم کرنے اور انہیں زرعی ترقی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے دیہی معیشت کی بحالی پروگرام کا آغاز کیا۔ اس پروگرام کے تحت کسانوں کو زرعی قرضے اور زرعی بیمہ اسکیم کے تحت مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے ویمن ایمپاورمنٹ پروگرام اور خواتین کسان قرضہ اسکیم کا اعلان کیاجو دیہی معیشت میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ ہے۔
یہ شو نہ صرف زرعی اور دیہی معیشت کی ترقی کا اہم ذریعہ ثابت ہوا بلکہ اس نے سیاحت، ثقافت اور مقامی صنعتوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ایونٹ کے دوران کسانوں اور مویشی پال حضرات کو جدید ٹیکنالوجی، آسان قرضوں اور سبسڈی اسکیموں سے روشناس کروایا گیا، جبکہ دیہی دستکاریوں اور روایتی کھیلوں کی نمائش نے کلچرل ٹورازم کو نئی جہت دی۔ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بھرپور شرکت نے دنیا کو پاکستان کے پرامن اور خوشحال تشخص کا مثبت پیغام دیا، یہ ایونٹ دنیا کے لیے واضح اعلان تھا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور سیاحت دوست ملک ہے، جو اپنی ثقافت اور ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔یقینا یہ شوعالمی سطح پر دیہی معیشت کی بحالی، زرعی انقلاب اور عوامی خوشحالی کے سفر کا سنگ میل ثابت ہواہے۔
ہارس اینڈ کیٹل شو میں گھڑ سواری، نیزہ بازی، بیلوں کی دوڑ، دودھ دینے والی گایوں کے مقابلے، اور دیگر روایتی دیہی کھیلوں کو خاص اہمیت دی گئی۔ شندور پولو اور بزکشی کے مقابلے حاضرین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ اس شو میں پنجاب کے علاوہ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اور گلگت بلتستان کی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔
ٹینٹ پیگنگ نیشنل چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 60 ٹیموں کے 260 گھڑ سواروں نے شرکت کی، جن میں مہر عمران حیدر بربانہ (وٹو کلب)نے انفرادی طور پر پہلی پوزیشن اور چوہدری سنی خان رانجھا (کھرل کلب چھوکر کلاں) کی ٹیم نے ٹیم ایونٹ میں فتح حاصل کی۔ اس کے علاوہ دودھ دینے والی گایوں کے مقابلے اور خوبصورت نسل کے مویشیوں کی نمائش نے عوام کی توجہ حاصل کی۔
بین الاقوامی سطح پر بھی اس ایونٹ کو خوب پذیرائی ملی، جہاں مختلف ممالک کے سفیروں اور تجارتی نمائندوں نے شرکت کی۔پہلی بار 70 بین الاقوامی ٹیمیں اس شو کا حصہ بنی ہیں، اس16روزہ تاریخی شو میں کل 20ایونٹس ہوئے۔ نیزہ بازی کے مقابلوں میں پاکستان، سعودی عرب، مصر، جنوبی افریقہ،عمان، روس، قطر، کویت، امریکہ، اور ناروے کی ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں پاکستان نے پہلی، مصر نے دوسری اور سعودی عرب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ غیر ملکی مہمانوں نے پاکستان کی ثقافتی ورثے اور دیہی ترقی کے اقدامات کو بے حد سراہا۔غیرملکی مردوخواتین کھلاڑیوں نے اگلے ایونٹس میں بھی شرکت کا اعلان کیا۔پاکستان، ایران،ترکیہ، ازبکستان، قزاقستان، کرغستان، تاجکستان کی تیراندازٹیموں نے بھی بھرپورکھیل کامظاہرہ کیا۔
پنجاب حکومت کے تمام وزراء نے ہارس اینڈ کیٹل شو کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے زرعی ماڈلز اور مشینری کی نمائش کے ذریعے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا۔ انہوں نے مویشی پال حضرات کو خصوصی مراعات دینے کا اعلان کیا، جب کہ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے دیہی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی خوشخبری دی۔ حکومت نے کسانوں کے لیے زرعی قرضہ اسکیم، سبسڈی پروگرام اور جدید مشینری کی فراہمی جیسے اقدامات کا اعلان کیا، تاکہ کسانوں کو زرعی ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ اس اقدام پر کسانوں اور زمیندارحضرات نے نہایت خوشی و مسرت کا اظہارکیا۔ وزیر ثقافت و اطلاعات عظمی بخاری نے پنجاب کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی محافل اور لوک موسیقی کے پروگرام منعقد کروائے۔
اختتامی تقریب 24 فروری کو شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں میزبان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کی ثقافتی جھلک پیش کی گئی اور کامیاب شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ شو اب ہر سال منعقد کیا جائے گا اور اس میں مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے اس تاریخی ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج، پنجاب حکومت، اور تمام متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ہارس اینڈ کیٹل شو 2025 کی اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی شرکت نے اس ایونٹ کو مزید وقار بخشا اور قومی یکجہتی کا مثبت پیغام دیا۔ آرمی چیف کی موجودگی نے یہ ثابت کیا کہ پاک فوج نہ صرف ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ قومی ترقی، دیہی معیشت کے فروغ اور عوامی بہبود کے ہر منصوبے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔ ان کی شرکت سے دنیا کو یہ پیغام ملا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک ہے، جہاں فوج اور سول حکومت مل کر عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔ ایونٹ کے انعقاد میں پاک فوج کی گرانقدر خدمات اور آرمی چیف کی شرکت سے نہ صرف دیہی معیشت کے فروغ کی اہمیت اجاگر ہوئی بلکہ عوام کو یہ یقین بھی دلایا گیا کہ پاک فوج قومی ترقی کے ہر شعبے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
ہارس اینڈ کیٹل شو 2025 صرف ایک ایونٹ نہیں تھا، بلکہ پنجاب حکومت کے زرعی اور دیہی معیشت کی بحالی کے عزم کا عملی مظاہرہ تھا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں کیے گئے زرعی اصلاحاتی اقدامات، آسان قرضہ اسکیم اور سبسڈی پروگرام کسانوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہو رہے ہیں۔ یہ ایونٹ دیہی معیشت کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا اور ہر سال باقاعدگی سے انعقاد کے ساتھ پنجاب کے زرعی اور ثقافتی ورثے کو مزید مستحکم کرے گا۔
جب قیادت نیک نیتی اور اخلاص سے عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل پیرا ہو تو ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔ ہارس اینڈ کیٹل شو 2025 حکومت پنجاب کی عوام دوستی اور زرعی معیشت کے فروغ کی بہترین مثال ہے۔یہ پاکستان کے زرعی انقلاب، دیہی ترقی اور خوشحال مستقبل کی امیدوں کی وہ روشن کرن ہے، جو آنے والے سالوں میں خوشحالی کی نئی داستانیں رقم کرے گی۔
اللہ کرے کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کی یہ روایت زرعی انقلاب، کسانوں کی خوشحالی اور پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید بنے۔ آمین!
حکیم احمد حسین اتحادی گولڈمیڈلسٹ (حکومت پاکستان) نزدمارکیٹ کمیٹی عبدالحکیم، ضلع خانیوال 03007305499
Recent Comments