سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیرنے کہا ہے کہ اگر ایران نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کا پروگرام دوبارہ شروع کیا تو ہمارا ملک بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کے لیے تیار ہے۔معروف امریکی نیوزچینل سی این این کے صحافی نے عادل الجبیر سے سوال کیا کہ اگر ایران نے ایٹمی پروگرام دوبارہ شروع کیا تو سعودی عرب کیا کرے گا ؟۔اس سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جو ہمیں اپنے لوگوں کو محفوظ بنانے کے لیے کرنا چاہیے ،سعودی عرب نے واضح کردیا ہے کہ اگر ایران نے ایٹمی قابلیت حاصل کرلی تو ہم بھی ایٹمی قوت بننے کے لیے تمام تر وسائل بروے کار لائیں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ایران کے جوہری منصوبے سے علیحدگی اختیار کر کے درست فیصلہ کیا ،یہ معاہدہ نقائص سے بھر پور تھا ۔