گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران دنیا کی بڑی اور معروف کمپنیوں نے پاکستان میں اپنی گاڑیاں متعارف کروائیں جنہیں صارفین کی جانب سے سراہا گیا اور مارکیٹ میں شہریوں کو بڑی تعداد میں آپشنز ملی ہیں جس میں سے وہ اپنے بجٹ اور پسند کے مطابق گاڑی خرید سکتے ہیں ۔
پاک وہیلز کی رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کی ریس میں ہونڈا نے اپنی مشہور زمانہ گاڑی ” سٹی “ کو پیچھے رہنے سے بچانے کیلئے ساتویں جنریشن لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیاہے اور سٹی کے نئے ماڈل کو ممکنہ طور پر کمپنی 12 جولائی 2021 کو متعارف کروانے جارہی ہے ۔ جس کا مطلب ہے کہ اب انتظار ختم ہو چکاہے ۔یہاں یہ بھی بتاتے چلیں کہ کمپنی کی جانب سے اس گاڑی کی بکنگ اس سال مئی میں شروع کر دی گئی تھی ۔رپورٹس کے مطابق ہونڈا نے اب تک ہزاروں گاڑیوں کی بکنگ مکمل کر لی ہے لیکن اب تک کسی نے بھی گاڑی کا چہرہ نہیں دیکھا ہے ۔
پاک وہیلز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ گاڑی کی قیمت سے متعلق اطلاعات ہیں کہ ساتویں جنریشن کی سٹی کا ٹاپ آف دی لائن ماڈل تقریبا 33 لاکھ روپے تک کا ہو سکتا ہے ۔ابھی یہ واضح اعلان نہیں کیا گیا کہ ہونڈا چھٹی یا پھر ساتویں جنریشن متعارف کرنے جارہاہے لیکن ہونڈا کی جانب سے جاری کیئے گئے ٹیزر ز کا جب غور سے جائزہ لیا گیا تو اس کے کچھ حصے تھائی لینڈ میں 2019 میں متعارف کروائی گئی 7 ویں جنریشن سے ملتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ کمپنی ساتویں جنریشن متعارف کروانے جارہی ہے ۔