افغانستان میں تعینات رہنے والے امریکی فوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلیا کے فوجیوں نے افغان قیدیوں کو لے جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں جگہ کم پڑنے پر ایک افغان قیدی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق امریکی میرین ہیلی کاپٹر عملے کے سربراہ نے آسٹریلوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2012 میں افغان صوبے ہلمند میں منشیات کے خلاف آسٹریلیا اور امریکا کے مشترکہ آپریشنز کے دوران ایک آپریشن میں 7 افغان شہریوں کو پکڑا گیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ جب پائلٹ نے ہیلی کاپٹر میں گنجائش نہ ہونے کا بتایا توآسٹریلوی کمانڈوز نے ان میں سے ایک افغان قیدی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور باقی چھ گرفتار افغانوں کو ہیلی کاپٹر میں بٹھا کر روانہ کر دیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں آسٹریلوی فوج کے جنگی جرائم پر آسٹریلیا میں تحقیقات کی جارہی ہیں اور مذکورہ واقعے کے علاوہ بھی نہتے افغان شہریوں کی ہلاکت کے کئی معاملات زیر تفتیش ہیں۔