سماجی رابطے اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے ویری فائیڈ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ہیکرز نے 130 معروف شخصیات کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی مگر وہ پاس ورڈ چرانے میں ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل بٹ کوائن سکینڈل سامنے آیا تھا اور اسی دوران بل گیٹس، سابق امریکی صدر باراک اوباما سمیت مختلف شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس بھی ہیک ہوگئے تھے۔ ٹوئٹر نے اس معاملے پر کوئی وضاحت پیش نہیں کی تھی اور مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی تھی البتہ اب سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ نے تصدیق کی کہ رواں ہفتے ہونے والے سائبر حملے میں ہیکرز نے 130 اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا۔
ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز نے معروف شخصیات کے اکاؤنٹس تک رسائی ضرور حاصل کی مگر وہ کسی کا پاس ورڈ حاصل نہیں کر سکے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہیکرز نے اکاؤنٹس کا کنٹرول حاصل کیا اور ٹوئٹس بھی کیں لیکن اب متاثرہ اکاؤنٹس کو دوبارہ بحال کردیا گیا اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈنگ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
ٹوئٹر کے مطابق ہیکنگ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ے کہ ہیکرز نے ان اکاؤنٹس سے ڈیٹا چرایا بھی ہے یا نہیں کیونکہ ہیکرز اب خاموش ہیں اور انہوں نے کوئی بھی ایسی چیز انٹرنیٹ پر شیئر نہیں کی۔ کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ وہ صارفین جنہوں نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران اپنے پاس ورڈ تبدیل کئے ان کے اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا گیا ہو۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے دنیا کی معروف شخصیات کے ویری فائیڈ ٹویٹر اکاؤنٹس ایک ساتھ ہیک ہوئے تھے، ہیکرز نے دنیا کی مشہور ترین شخصیات، سیاست دانوں اور کاروباری حضرات کو نشانہ بنایا تھا۔ ہیکرز نے امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن، سابق امریکی صدر اوباما، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک سمیت بہت سے اکاؤنٹس ہیک کئے تھے اور متاثرہ شخصیات کے اکاؤنٹس سے ٹوئٹ کر کے لوگوں سے بٹ کوائن حاصل کرنے کی کوشش کی اور لالچ دیا تھا کہ اگر وہ انہیں بٹ کوائن فراہم کریں گے تو اس کے بدلے میں انہیں کئی گنا زیادہ رقم دی جائے گی۔