آپ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ کلپ تو ضرور دیکھا ہو گا جس میں پاکستان نیوی میں کمیشن حاصل کرنے والی نوجوان لڑکی اپنے والد کو پاس آوٹ ہونے کے بعد سیلیوٹ کر رہی ہے ۔ یہ ویڈیو سامنے آنے پر تیزی سے وائرل ہوئی اور ہر کوئی سراہتا ہوا دکھائی دیا ۔
یہ نوجوان لڑکی دراصل کموڈور عارف سعید کی صاحبزادی رشنا عارف ہیں جنہوں نے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان نیوی میں شمولیت اختیار کی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار قوم کی بیٹی خدمات انجام دینے کیلئے ہر دم تیا ر ہے ۔’سب لیفٹیننٹ ‘ رشنا عارف اور ان کے والد کموڈور عارف سعید نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہا ں انہوں نے اس ویڈیو اور دیگر زندگی کے بارے میں اہم معلومات فراہم کیں ۔
رشنا عارف نے بتایا کہ ہم نے سوچانہیں تھا کہ یہ کلپ اتنا وائرل ہو جائے گا کیونکہ یہ ایک پرائیویٹ ویڈیو تھی اور یہ ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس پر اتنا مثبت رد عمل آئے گا ، یہ ویڈیو میری والدہ بنا رہی تھیں ۔رشنا کا کہناتھا کہ مجھے وائٹ یونیفارم بچپن سے ہی بہت پسند تھا ، ہماری ایک بیرک کیپ ہوتی ہے ، مجھے شوق تھا کہ وہ پہن کر میں اپنے والد کو سیلیوٹ کروں اور بچپن میں جب ابو آفس جایا کرتے تھے تو میں وہ پہن کر انہیں سیلیوٹ کرتی تھی ، جس دن نیول اکیڈمی میں رپورٹ کیا تو میں نے سوچ لیا تھا کہ کمیشن ملنے پر والد صاحب کو مارچ کرتے ہوئے سیلیوٹ کروں گی ، میں نے جب انہیں سیلیوٹ کیا تو وہ مسکرا رہے تھے تو پھر ان کی آنکھوں میں آ نسو آ گئے ، انہوں نے مجھے جلدی سے گلے لگا لیا ۔
کموڈور عارف سعید کا کہناتھا کہ میرے تین بچے ہیں جن میں سب سے بڑی رشنا ہے ، اس کے بعد میرا بیٹا حیدر عارف ہے جوکہ بحریہ یونیورسٹی میں فلم پروڈکشن پڑھ رہاہے جبکہ چھوٹی بیٹی ہمنا عارف چھٹی جماعت کی طالبعلم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمار اتعلق مردان سے ہے ، میرے والد بھی نیوی میں تھے اور ان کے بعد میں نے نیوی جوائن کی اور میں دوسری نسل جبکہ میری بیٹی رشنا تیسری نسل ہے جس نے نیوی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔عارف سعید کا کہناتھا کہ میری بیٹی خاندان کی پہلی خاتون ہے جس نے فورسز میں کمیشن حاصل کیا ، فیملی کی طرف سے بہت مثبت ردعمل آ رہاہے جبکہ رشنا کی کزنز بھی اب متاثر ہو کر جوائننگ کا طریقہ کار پوچھ رہی ہیں ۔