موبائل فون اور سوشل میڈیا نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں میں نہ صرف با شعور بنایا ہے بلکہ انہیں اپنے حق کیلئے لڑنے کی طاقت بھی بخشی ہے جس کا عملی مظاہرہ اس رشوت خور پولیس اہلکار کی ویڈیو دیکھ کر لگایا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک پولیس والے کو شہری کے خوف سے بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ٹریفک پولیس کے اس اہلکار نے ایک شہری سے 100 روپے کی رشوت وصول کی تو اسی دوران دوسرے شہری نے اس کی ویڈیو بنالی۔ اس سے پہلے کہ ویڈیو بنانے والا شہری اس کی خبر لیتا پولیس والے نے اسے دیکھتے ہی دوڑ لگادی۔
اس دلچسپ ویڈیو کی ریکارڈنگ کے دوران پولیس والا مسلسل بھاگتا اور شہری مسلسل کمنٹری کرتا رہا اور ارد گرد موجود لوگ تماشہ دیکھتے رہے۔ اس چوہے بلی کے کھیل میں اس وقت مزید دلچسپی پیدا ہوئی جب ویڈیو بنانے والے شہری نے ڈائیلاگ مارا کہ ’ میں بھی دیکھتا ہوں کہاں تک بھاگتا ہے، آپ کا بھائی بھی جم جاتا ہے ، 10 کلومیٹر بھی اس کے پیچھے بھاگے گا‘ ۔ جس وقت خدائی خدمت گار شہری یہ ڈائیلاگ مار رہا تھا اس وقت تک اس کی سانس بری طرح پھول چکی تھی ۔