مہنگی ترین گاڑی کا حصول ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے لیکن دنیا میں چند افراد ہی اس خواہش کو پورا کر پاتے ہیں لیکن چین کی ایک لڑکی کا یہ خواب صرف کچھ سیکنڈز کیلئے ہی پورا ہوا اور پھر لمحوں میں خواب کیساتھ اس کی کار بھی چکنا چور ہو گئی۔
چینی خاتون نے نئی نویلی ’فراری‘ کار منگوائی جس کی قیمت تقریباً 8 کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے اور جب یہ کار چین پہنچی تو خاتون کی خوشی کا ٹھکانہ ہی نہ رہا۔ اس نے شوروم سے اپنی گاڑی لی اور باہر سڑک پر لے آئی اور جیسے ہی اس نے کہا کہ ”یہ گاڑی تو بہت ہی زبردست ہے۔“ تو اسے سنبھال نہ سکی اور سڑک کے درمیان پڑی رکاوٹوں سے ٹکراتے ہوئے دوسری جانب سے آتی ’بی ایم ڈبلیو ایکس 3‘ کیساتھ جا ٹکرائی اور ’کوڑا‘ ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون اپنی نئی فراری کو سڑک پر لے جا رہی ہوتی ہے جو اچانک اس کے قابو سے باہر ہو جاتی ہے اور سڑک کے درمیان میں رکھی لوہے کی رکاوٹوں سے ٹکرانے کے بعد دوسری جانب سے آنے والی بی ایم ڈبلیو سے جا ٹکراتی ہے، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس پر طرح طرح کے تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے