ڈیڑھ سال قبل برطانیہ میں ایک نوعمر لڑکی نے 5ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے جہاز کا دروازہ کھول کر چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ اس واقعے کی تحقیقات میں اب حیران کن انکشاف سامنے آ گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس 19سالہ لڑکی کا نام ایلانا کٹلینڈ تھا اور وہ کیمبرج یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔ گزشتہ سال وہ چھٹیاں منانے مڈغاسکر گئی اور وہاں بیمار پڑ گئی۔ بیماری کے باعث اس نے اپنے والدین کے کہنے پر چھٹیاں منسوخ کرکے واپسی کی پرواز پکڑ لی۔
واپس آتے ہوئے راستے میں اس نے جہاز کے پائلٹ اور کچھ ساتھی مسافروں کے ساتھ جھگڑا کیا اور پھر جہاز کا دروازہ کھول کر 5ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ اس واقعے کی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ایلانا نے ملیریا کی دوا ’ڈوکسی سائیکلین‘ (Doxycycline)لی تھی جس سے ایسے مضر اثرات لاحق ہوئے کہ اس کی ذہنی حالت بگڑ گئی۔ اس کے پیش نظراس نے پائلٹ اور مسافروں سے جھگڑا کیا اور پھر خودکشی کر لی۔ تحقیقات کرنے والے سینئر کورونر ٹام اوزبورن نے مطالبہ کیا ہے کہ اس دوا کے مضراثرات کا جائزہ لیا جانا چاہیے کیونکہ ایلانا پر اس کے جو مضراثرات مرتب ہوئے وہ کمپنی کی طرف سے نہیں بتائے گئے۔