تنہائی انسان کی ذہنی صحت پر بہت کچھ منفی اثرات مرتب کرتی ہے تاہم اب سائنسدانوں نے اس کا ایسا نقصان بتا دیا ہے کہ کسی نے سوچا بھی نہ ہو گا۔ میل آن لائن کے مطابق یونیورسٹی کالج لندن کے سائنسدانوں نے 55سال سے زائد عمر کے 21ہزار 66مردوخواتین پر کی گئی اس تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ جو لوگ عمر کی 50اور 60کی دہائی میں تنہاءرہتے ہیں ان کوذہنی جبلتوں کے انحطاط کی بیماری ڈیمینشا (Dementia)لاحق ہونے کا خطرہ 30فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر میں تنہاءرہنا الزیمر اور ڈیمینشا کی دیگر اقسام لاحق ہونے کا سبب سے بڑا سبب ہوتا ہے۔ حتیٰ کہ ادھیڑ عمری میں تنہائی اس حوالے سے جسمانی اعتبار سے غیرمتحرک ہوجانے، ذیابیطس، موٹاپے اور ہائی بلڈ پریشر وغیرہ سے بھی زیادہ خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر روپال ڈیسائی کا کہنا تھا کہ ”خطرے کی بات یہ ہے کہ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں عمر رسیدہ لوگوں کے تنہاءہونے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ہمیں اس کی طرف توجہ دینی ہو گی۔“