ناروے نے عالمی بینک کے اشتراک سے ایک منصوبہ تشکیل دیاہے جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کے بچوں کے تعلیم اخراجات کے لیے فنڈز مہیاء کیے جائیں گے۔منصوبے کے پہلے فیزمیں ناروے ساٹھ ملین نارویجین کرائون کی امداد دے گا۔اس بات کا فیصلہ عالمی بینک کے ڈائیریکٹر جم کم اور نارویجن وزیر اعظم ارنا سولبرگ نے ایک مشترکہ میٹنگ میں کیا۔یہ فیصلہ جمعہ کے روز ایک تعلیمی فورم میں کیا گیا۔
اس موقعہ پر نارویجین وزیر اعظم ارنا سولبرگ نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت کم آمدن والے ممالک کو امداد دی جائے گی جہاں بچے کم درجہ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں یاپھر تعلیم سے بالکل محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول مفلسی سے نکلنے کا راستہ ہے۔اس سلسلے میں ایسے ممالک کو ترجیح دی جائے گی جہاں کم آمدن اورحالات پر امن نہیں ہیں۔
ارنا سولبرگ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج ہم لوگ اس قابل ہوئے کہ کم آمدن والے ممالک کی تعلیم کے شعبے میں مدد کر سکیں۔یہ پراجیکٹ سن دو ہزار سولہ میں اپنے فائنل مرحلہ میں پہنچ جائے گا۔ہمارا مقصدہے کہ دوسرے ممالک بھی آگے بڑہیں اور اس منصوبے میں حصہ لیں۔
NTB/UFN