اسٹاک ہوم میں پاکستانی تنظیموں کی کانفرنس

سٹاک ہوم (عارف کسانہ) سٹاک ہوم کی چند پاکستانی تنظیمیں مل کو ایک امن کانفرس منعقد کررہی ہیں۔ یہ امن کانفرس گذشتہ دنوں سویڈن کی کچھ مساجد پر ہونے والے حملوں، سویڈن اور یورپی ممالک سے داعش کے لیے نوجوانوں کی بھرتی، پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے اور پیرس کے واقعہ کے تناظر میں منعقد کی جارہی ہے۔ اس امن کانفرس میںزیادہ تر توجہ یورپ میں پروان چڑھنے والی نوجوان مسلمان نسل ہوگی۔ اس امن کانفرس میں مختلف مذاہب اور نظریات کے حامل شریک ہوں گے جبکہ سویڈش سیاسی جماعتوں سوشل ڈیموکریٹ، گرین پارٹی، لیفٹ پارٹی، ماڈریٹ پارٹی اور دیگر جماعتوں کے رہنماء شریک ہوں گے جبکہ سویڈن میں پاکستان کے سفیر جناب طارق ضمیر اس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ مورخہ ٣١ جنوری بروز ہفتہ دن ایک بجے فتیا سکول میں ہونے والی اس کانفرس سے گرین پارٹی کی ترجمان اور رکن پارلیمنٹ ایسابیلا ڈنگیرین، لیفٹ پارٹی سے سویڈش رکن پارلیمنٹ کرسٹینا ایچ لارسن ، سوشل ڈیموکریٹ کے رکن پارلیمنٹ سرکان کوسے، بوتشرکا کونسل میں لیفٹ پارٹی سے کونسلر بیکر ازونیل، بوتشرکا کونسل میں مارڈریٹ پارٹی کے کونسلر جمی بیکر، سولنتونا کونسل میں لیفٹ پارٹی کے کونسلر برکت حسین، گرین پارٹی بوتشرکا کے رہنما علی خان، سوشل ڈیموکریٹ کے رہنما شفقت کھٹانہ ایڈووکیٹ، سٹاک ہوم سٹڈی سرکل کے ڈاکٹر عارف کسانہ، تنظیم کامن گرائونڈ کے ایمیونل لوتھر راتک اور دوسرے کئی رہنما شرکت کریں گے۔ امن کانفرس میں بچوں اور خواتین کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ منتظمین کو توقع ہے کہ اس امن کانفرس میں لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کرکے دہشت گردی کے خلاف اپنی آواز بلند کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں