اوسلو(عقیل قادر) ناروے کے دارالخلافہ اوسلو میں نماز عید الضحیٰٰ کے بڑے بڑے اجتماعات مختلف مساجد میں منعقد ہوئے۔ عید کے خطبات میں علمائے کرام نے قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کے درمیان نفاق کو عالم اسلام کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ قرار دیا۔ علمائے کرام نے عالم اسلام کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے اپنی صفوں میں موجود خوارج پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور عشق مصطفی ﷺ اورسنت مصطفیﷺ پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا ۔ عید کے اجتماعات میں پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔مکہ شریف میں المناک حادثے میں شہید ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور دراجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور حادثے پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔اوسلو میں عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی جماعت اہلسنت میں ہوا۔ اسکے علاوہ جن مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ان میں منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو، مرکزی جامع مسجد، ورلڈ اسلامک مشن، غوثیہ مسلم سوسائٹی، مسلم سنٹر فیورست، مسلم سنٹر کالبکن، اسلامی کلچر سنٹر ناروے، بزم نقشبند اور دیگر مساجد شامل ہیں۔ بچے بھی بڑی تعداد میں والدین کے ہمراہ عید کی نماز پڑھنے آئے ۔ لوگ ایک دوسرے سے گلے ملکر عید کی مبارکباد یں دیتے رہے ۔مختلف مساجد میں جلیبی، مٹھائی اور چائے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ عید کی خوشی کے موقع پر کچھ پاکستانیوں نے شامی مہاجرین کے لیے باربی کیو پارٹی کا اہتمام بھی کیا تاکہ انکو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا جا سکے۔