ناروے میں پہلی دفعہ ایک پاکستانی ڈپٹی میئربن گئے، یوسف گیلانی کابنیادی تعلق لاہور سے ہے

اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں پہلی دفعہ ایک پاکستانی ڈپٹی میئربن گئے ہیں۔درامن ناروے کا پانچواں بڑا شہر ہے۔ درامن کے نومنتخب نائب میئر سید یوسف گیلانی کا بنیادی طورپر تعلق لاہور سے ہے ۔ ان کے والدڈاکٹر سید اظہرگیلانی چار۔پانچ عشرے قبل پاکستان سے ناروے ہجرت کرگئے تھے البتہ بیالیس سالہ یوسف گیلانی وہ پہلے پاکستانی نژاد ہیں جو ناروے میں پیدا ہوئے۔ ان کے نئے عہدے کے بارے میں کہاجاتاہے کہ شمالی یورپ یعنی سکینڈی نیویا میں وہ پہلے مسلمان ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ وہ اس سے قبل کئی باردرامن سٹی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوتے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ نارویجن کرکٹ بورڈ کے جنرل سیکرٹری اور کرکٹ ٹیم کے منیجربھی رہ چکے ہیں۔ اس وقت وہ نارویجن ویلفیئراور ایڈمنسٹریٹو اتھارٹی (ناو Nav ) کے آسکرضلع کے سربراہ بھی ہیں۔ گیلانی اپنے آپ کو لوگوں کے سماجی مسائل میں مصروف رکھناپسند کرتے ہیں۔ اسی لئے وہ کثیرثقافتی شہردرامن کے لوگوں میں مقبول ہوئے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ وہ انسانی آزادی پر یقین رکھتے ہیں اور یہ انسان کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔ جب لوگ کسی دوسری کی ڈکٹیشن کے بجائے خود فیصلے کریں گے تو انہیں ترقی کے مواقع میسر ہوں گے۔ یوسف گیلانی کا تعلق ناروے کی لبرل پارٹی سے ہے اور وہ انتخابی حمایت پر درامن کے لوگوں کے شکرگزارہیں۔ان کی کامیابی سب کے لیے ایک اعزاز ہے خاص طورپر اقلیتوں کے لیے باعث فخر ہے۔ وہ سکولوں کی بہتری ، تعلیم کے فروغ، ماحول ، کھیل، چھوٹے کاروباراورصنعتوں کی بہتری اور بزرگ شہریوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کریں گے۔ پاکستان کے بارے میں یوسف گیلانی نے کہاکہ پاکستان میں بدعنوانی ایک بڑا مسئلہ ہے، اسے ختم ہوناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ وہ ناروے اور پاکستان تعلقا ت بہتر بنانے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیارہیں۔اکثر نارویجن پاکستانی ستر کی دہائی میں ناروے آئے اور اب تک ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کا بڑا کردار ہے۔ یاد رہے کہ اوسلو میں بھی ایک پاکستانی امیدوار شعیب سلطان اوسلو میئر کے امیدوار ہیں کیا وہ آنے والے دنوں میں اوسلو کے سلطان بن سکتے ہیں اسکا فیصلہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ ناروے کی سیاست میں پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ اب تک کئی پاکستانی ناروے پارلیمنٹ کے ممبر رہ چکے ہیں اور اس وقت بھی مدثر حسین کپوراور حادیہ تاجک ناروے پارلیمنٹ کے ممبرز ہیں جبکہ لیلیٰ بخاری ناروے وزیر اعظم کی پرسنل سیکریڑی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں