ناروے۔ نیشنل ڈائیلاگ کانفرنس میں وزیر اعظم ایرنا سولبرگ سمیت متعدد وزراء کی شرکت

DK44

DK33ناروے۔ نیشنل ڈائیلاگ کانفرنس میں وزیر اعظم ایرنا سولبرگ سمیت متعدد وزراء کی شرکت
اوسلو(عقیل قادر) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی نیشنل ڈائیلاگ کانفرنس میں ناروے کی وزیر اعظم ایرنا سولبرگ (Erna solberg) سمیت متعدد وزرا ء نے شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا۔ نیشنل ڈائیلاگ کانفرنس میں تارکین وطن تنظیمات سے دو سو سے زائد نمائندگان نے شرکت کی ۔ کانفرنس سے وزیر اعظم ایرنا سولبرگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارویجن زبان پر عبور ہر کامیابی کی چابی ہے اور اسی چابی سے تمام مشکلات کو ختم کیا جا سکتا ہے۔زبان کے آنے سے آپ اپنے نیٹ ورک کومضبوط کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بہت سارے مسائل کا سامنا ہے مگر ہمیں امید ہے کہ ہم اور آپ مل کران مسائل کو بخوبی حل کر سکتے ہیں اور اسکے لیے ضروری ہے کہ خواتین بھی ہر سطح پر میدان عمل میں آئیں تاکہ ایک خوشحال اور پُرامن معاشرے کو پروان چڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے بھی ہمیں ان کو اس معاشرے کا حصہ بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا پڑے گا اور آپ سب مل کر مہاجرین کی رضاکارانہ طور پر مختلف طریقوں سے مددکر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس بھی ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے تارکین وطن کو مسائل کا سامنا ہے مگر بچوں کی حفاظت کے لیے حکومت کو کچھ مجبوراََ اور ناپسندیدہ اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ کانفرنس سے بچوں اور مساوات کی وزیر سول وائی ہورن (Solveig Horne) ، کلچرل منسٹر (Thorhild Widvey ) وزیر صنعت و تجارت مونیکا مولاند(Monica Maeland) ، وزیر انصاف آندرش آنوندنس (Anders Anundsen)، ورک اینڈ سوشل منسٹر روبٹ ایریکسن(Robert Eriksson) ، میونسپل منسٹر یان تھورے سنر(Jan Tore Sanner) نے بھی کانفرنس کے مختلف سیشنزسے خطاب کیا۔ کانفرنس دن دس بجے سے لیکر شام پانچ بجے تک جاری رہی، کانفرنس میں شریک تمام افراد کو چھ مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا جن کو تمام وزراء نے خود لیڈ کیا اور چار گھنٹے تک پُرامن معاشرہ، کلچرل ایونٹ اور اس میں رضاکارانہ طور پر شرکت، صحت اور لائف کوالٹی، سکول ، کالج اور نوجوان، رہائش اور ماحول، روزگار اور تجارت جیسے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی ، تارکین وطن تنظیمات کے نمائندگان نے ان موضاعات پر تجاویز پیش کیں اور ان سے منسلک مسائل کو بھی وزراء کے سامنے پیش کیا ۔ کانفرنس میں ناروے کی معروف سماجی رہنما پاکستانی نثراد ڈاکٹر ٹینا شگفتہ کھورمو( Tina Shagufta Kornmo)نے شرکت کی اور دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کانفرنس کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ کانفرنس میں جن اہم پاکستانی تنظیمات کے نمائندگان نے شرکت کی ان میں فالکن گرلز کرکٹ کلب سے فوزیہ احمد، نارویجن تارکین وطن فورم سے اطہر علی، منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے سے شیخ افتخار احمد، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی سے عقیل قادر،بزم احباب پاکستان سے صوفی انور، طیب چوہدری اور دیگر شامل ہیں۔

DK11DK55

اپنا تبصرہ لکھیں