By Nehal Saghir
ممبئی:ایسا لگتا ہے کہ مسلمانوں کے جذبات اور ان کے احساسات کو زخمی کرنے کے ایک سوچے سمجھے منصوبے پر ملک میں کچھ قوتیں عمل پیرا ہیں۔لوکمت مراٹھی روزنامہ کے ذریعہ گستاخانہ کارٹون کی اشاعت بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔یہ باتیں مجلس اتحادالمسلمین کے ممبئی کے صدر عبد الرحمن پٹنی نے ایک پریس اعلامیہ میں کہیں ۔انہوں نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے لوکمت کی اس حرکت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مسلمانوں سے امن و امان کی برقراری کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کی اپیل کی ہے ۔پارٹی نے بھی مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے مختلف تھانہ علاقوں میں لوکمت کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے بتایا کہ ریاست کی مختلف جگہوں پر ایف آئی آر درج کرائی گئی جن میں جنوبی ممبئی کے ناگپاڑہ پولس اسٹیشن میں اور ممبرا قابل ذکر ہیں۔انہوں نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ناگپاڑہ پولس اسٹیشن میں مجلس کے کارکن امجد خان کی جانب سے ایف آئی آر454/15 درج کرایا گیاجس میں لوکمت کے مالک راجندر دردا ،ایڈیٹروجئے دردا ،کارٹونسٹ ستپال اور مضمون نگار پون دیش پانڈے کو ماخوذ کیا گیا ہے ۔ایف آئی آرتعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے بی ،295 اے،500 آر ڈبلیو،34 اور 120 بی کے تحت درج کرایا گیا ہے۔عبد الرحمن پٹنی نے بتایا کہ ہمارا مطالبہ لوکمت کے مالک ، ایڈیٹر،مضمون نگار اور کارٹونسٹ کو گرفتار کرنے کا ہے ۔کیوں کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ معاملہ محض انسانی بھول کا حصہ نہیں ہے ۔یہ جان بوجھ کر کیا جانے والا عمل ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ذمہ داروں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو ہم تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے ۔ایسی حرکتیں کرنے والوں کے خلاف حکومت کو سخت سے سخت کارروائی کرنی چاہئے تاکہ مستقبل میں ایسی حرکت کرنے کی کسی کو ہمت نہیں ہو جس سے امن و قانون کا مسئلہ پیدا ہو تا ہے ۔