(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ کی دنیا سمارٹ فونز پر سمٹ آنے کے باعث صارفین کو جو سب سے بڑا مسئلہ درپیش ہے وہ سمارٹ فونز کی بیٹری کا ہے کیونکہ انٹرنیٹ استعمال کرنے کے دوران موبائل فونز کی مضبوط ترین بیٹری بھی محض چند گھنٹے ہی چلتی ہے۔ مگر اب ایک چینی موبائل ساز کمپنی نے صارفین کا یہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔ کمپنی نے ایک ایسا سمارٹ فون تیار کر لیا ہے جس کی بیٹری 2 نہیں، 4 نہیں پورے 15دن تک چلے گی، یعنی اب صارف ایک بار بیٹری ریچارج کرکے 15دن تک فون استعمال کر سکتے ہیں۔
مزید جانئے: بین الاقوامی کولا برانڈ پیپسی کا چائنہ میں پہلا سمارٹ فون متعارف ، قیمت صرف 110ڈالر مقرر
اوک ٹیل (Oukitel)نامی کمپنی نے اینڈرائیڈ فون کا یہ ماڈل کے10000کے نام سے متعارف کروایا ہے جس کی بیٹری آئی فون 6ایس کی بیٹری سے 10گنا طاقتور ہے۔اس میں اینڈرائیڈ 5.1لالی پاپ آپریٹنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔اس کی 5.5 انچ سکرین کی ریزولوشن 720پی ہے اور اس میں 1گیگاہرٹز کواڈ کور پروسیسر لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں2جی بی ریم (RAM)اور 16جی بی انٹرنل میموری ہے اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ لگانے کی سہولت بھی موجود ہے۔اس میں دو سمیں بیک وقت چلائی جا سکتی ہیں۔اس کا کیمرہ 8میگاپکسل ہے جس کے ساتھ ایل ای ڈی فلیش لائٹ بھی لگائی گئی ہے جبکہ اس کا فرنٹ کیمرہ 2میگا پکسل طاقت کا حامل ہے۔اس فون کی قیمت صرف 239.99ڈالرز (تقریباً 25ہزار روپے )ہے اور یہ آئندہ ماہ مارکیٹ میں دستیاب ہو گا۔