نیویارک: ( ) رب ذولجلال نے عرش پر ذکر آمد رسولﷺ فرمایا ہے اور پھر اس محفل کے چرچے قرآن مجید میں کئے ہیں تاکہ مومنین بھی یہی راہ اختیار کریں۔ رسول اللہ ﷺ کی آمد سے کائنات کا مقدر چمک اٹھا اور اہل ایمان کو آپ کے توسل سے رب رحمن ایمان اور قرآن ملا۔ محافل میلاد سے خیر وبرکت اور ایمانوں کو تازگی ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی اسلام پیر محمد عثمان افضل قادری ذیب سجادہ نیک آباد شریف نے دورہ امریکہ کے موقع پر بروکلین میں عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے نام خالق کائنات کے پیغامات کا نام دین اسلام ہے۔ یہ ایسا خوبصورت دین ہے جو آفاقی و فطری بھی ہے اور جامع واکمل بھی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تعلیمات قتل وغارت فتنہ وفساد اور دہشت گردی کی شدید مذمت کرتی ہیں۔ قرآنی تعلیمات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اللہ رب العالمین نے انسان کو بے مقصد نہیں بنایا بلکہ اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا ہے اور ساری انسانیت نے اللہ کی جانب لوٹنا ہے اور محشر کے میدان میں حساب وکتاب کے بعد جنت ودوزخ کے فیصلے ہونے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العالمین نہ صرف رسول اللہﷺ کی اطاعت ومحبت لازم قرار دی ہے بلکہ آپ کو اسوہ حسنہ اور رحمۃ للعالمین فرمایا ہے۔ پیر محمد عثمان افضل قادری نے تارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنے اخلاق اعلیٰ سے اعلیٰ کرنے کیلئے کوشاں رہنا چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے عالم اسلام اور خصوصا پاکستان کے استحکام وسلامتی اور امت مسلمہ کیلئے اجتماعی دعائے خیر کروائی۔
سجاد احمد، نیویارک