جدید ترقی حادثات و آفات اور بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ

حمن انصاری۔مورلینڈ روڈ ۔ممبئی ۔موبائل :
9869398281
 
پہلے جب انسان اکیلے جنگلوں میں سفر کرتا تھا ،تو اسے خدشہ لگا رہتا تھا کہ اگر وہ کسی حادثے کا شکار ہو گیا تو اس کی مدد کون کرے گا ؟اس سنسان علاقے میں کوئی آدمی بھی تو نہیں ہے۔مگر آج اس جھوٹی ترقی کے دور میں اگر کوئی شخص ٹرین یا سڑک حادثہ کا شکار ہو کر ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں خواہ اپنی جان ہی کیوں نہ گنوا دے لیکن کوئی ایک بھی مدد کے لئے آگے نہیں آتا ۔کچھ لوگ زخمی کو تڑپتا ہوا چھوڑ کر آگے بڑھ جاتے ہیں ۔تو کچھ لوگ فوراًاپنا موبائل نکال کر ویڈیو بنانا شروع کردیتے ہیں۔حتیٰ کہ زخمی کی جان نکل جاتی ہے ۔ہم لوگ دن رات دوسروں پر تنقید کرتے ہیں ،مگر کبھی خود اپنے اندر جھانک کر دیکھیں کہ ہمارے اندر کتنی انسانیت اور ہمدردی بچی ہے ۔ ذرا تصور کریں کہ آپ خود یا آپ کے گھر والے حادثے کا شکار ہو کر پڑے ہوں اور وہاں موجود لوگ بجائے مدد کرنے کے آپ کا ویڈیو بنارہے ہیں۔آپ کیا سوچیں گے ،یا آپ کو لوگوں کے اس رویہ سے کتنی تکلیف ہوگی ۔ایسی صورتحال سے بچنا چاہتے ہیں تو عہد کریں کہ چاہے کوئی کرے یا نہ کرے مگر ہم کسی مصیبت میں مبتلا یا حادثے کے شکار انسان کی مدد ضرور کریں گے کیوں کہ ہم انسان ہیں۔
یہاں میں مسلمانوں سے خاص طور سے کہنا چاہوں گا کہ ہمارے نبی ﷺ پر جو بوڑھی عورت کچرا پھینکتی تھی ،راہ میں کانٹے بچھاکر تکلیف دیا کرتی تھی۔جب وہ خود بیمار ہوکر تکلیف میں مبتلا ہوئی تو آپ ﷺ اس کی مزاج پرسی کوتشریف لے گئے ۔پھر ہم ان ﷺکے امتی کیسے گوارہ کرسکتے ہیں کہ کسی کو تکلیف میں دیکھ کر آگے بڑھ جائیں ۔ایک بہت مشہور حدیث ہم سنتے رہتے ہیں کہ جنگل سے گذرنے والی ایک بد کردار عورت نے پیاس کے مارے بے حال ہوئے جارہے کتے کو کنویں سے کسی طرح پانی نکال کر پلایا ۔اس کو تکلیف سے راحت دلائی تو اللہ نے اس کی مغفرت فرمادی ۔اگر ہم کسی مصیبت کے مارے ،حادثے کے شکار انسان کی مدد کرکے اسے راحت پہنچائیں گے تو کیا اللہ ہم سے راضی نہ ہوگا ؟ہم اپنے نبی ﷺ کی خدمت خلق اور بے غرض ہمدردی کو سامنے رکھ کر خود بھی اپنا کردار ایسا بنائیں کہ لوگ کہنے لگیں کہ کہیں بھی کوئی بھی حادثے یا مصیبت کا شکار ہوتا ہے تو دیگر لوگ بھلے ہی دیکھتے ہوئے آگے بڑھ جائیں ،مگر مسلمان مدد کے لئے آگے آتے ہیں ۔دیگر لوگ موبائل نکال کر ویڈیو بناتے ہیں مگر مسلمان راحت پہنچانے کے انتظامات میں جٹ جاتے ہیں ۔بے شک مسلمان دہشت گرد نہیں ،بلکہ سب سے بڑے انسانیت کے ہمدرد ہیں ۔لیکن ہم خو دکو انسانیت کے سب سے بڑے بہی خواہ ثابت کرنے کے لئے ایسا نہیں کریں گے بلکہ اس لئے کریں گے کیوں کہ میرے مذہب اور ہمارے پیارے نبی ﷺ کی تعلیم یہی ہے۔
محفوظ الرحمن انصاری۔مورلینڈ روڈ ۔ممبئی ۔موبائل :9869398281
اپنا تبصرہ لکھیں