اوسلو(عقیل قادر) اوسلو میں نمل کالج کے لیے فنڈ ریزنگ ڈنر میں عمران خان کی ہمشیرہ حلیمہ خان نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی اور پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے احباب نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے یسٰین احمد نے کیا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ عمران خان نے تقریب سے لائیو ویڈیو خطاب اس وقت نمل کالج میں غریت اور متوسط طبقے والے سٹوڈنٹس سکالر شپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور انکے نتائج انتہائی مثبت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی نمل کالج سے تعلیم مکمل کرے گا انشاء اللہ اس کو کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے اوراسکامستقبل تابناک ہو گا۔ تقریب سے پی ٹی آئی ناروے کے سابق صدر شاہد جمیل نے خطاب کیا اور نمل کالج کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے محروم قوم کے بچوں کے لیے نمل کالج ایک نعمت سے کم نہیں ہے جوقوم کے بچوں کو اندھیروں سے نکال کر علم کے نور سے روشن کرے گا۔ ناروے کرکٹ بورڈ کے صدر چوہدری تنویر احمد نے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جب حضور نبی کریم ﷺ پر اپنی پہلی وحی اتاری تو وہ بھی علم سیکھنے کے متعلق تھی ۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو علم کے زیور سے آراستہ کریں۔ اوسلو کے معروف بزنس مین شعیب انجم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور نمل کالج کے لیے بھرپور مدد کرنے کی اپیل کی۔ عمران خان کی ہمشیرہ حلیمہ خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نمل کالج پاکستان کی عوام کے لیے شوکت خانم ہسپتال کی طرح ایک ایسا منفرد ادارہ ہو گا جس میں قوم کے بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول میسر ہو گا۔ اس وقت نمل کالج میں تین سو سے زائد طالبعلم تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خواب ہے کہ نمل کالج نمل ایجوکیشن سٹی بنے جس میں میڈیکل کالج، لاء، انجینرنگ ، بزنس اور ایگری کلچر کالج کے علاوہ ایک عظیم الشان مسجد بھی تعمیر ہو جس میں لوگ دنیایوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تربیت کا سامان بھی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر میں یہ پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہو گا جس کی تکمیل کا تخمینہ 100 ملین ڈالر لگایا گیا ہے جو دس سے پندرہ سال میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے اس موقع پر حاضرین کی طرف سے کئے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔ عوام نے نمل کالج کے لیے چندہ مہم میں دل کھول کر حصہ لیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض پاکستان کی معروف فنکارہ ارم حسن نے احسن انداز میں سر انجام دئیے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔