ناروے ۔
اوسلو(عقیل قادر) ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے سانحہ لاہور کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس میں لاہورمیں ہونے والے دہشتگردی کے حملے میں 72 افراد شہید ہو گئے جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ کمیونٹی کا کہنا ہے کہ یہ دہشتگرد درندے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں اور ایسے لوگ مسلمان نہیں ہو سکتے۔کمیونٹی کے افراد نے جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو گرفتار کر کے ان کا مکمل صفایا کیا جائے اور انہیں کسی بھی قسم کی رعایت نہ دی جائے کیونکہ ایسے افراد جو معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بناتے ہیں انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے مذہبی و سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور انہیں عبرت کا نشان بنا دیا جائے اس موقع پر کمیونٹی کے افراد نے شہیدوں کے لیے فاتحہ خوانی اور اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی