اوسلو(عقیل قادر)منہاج القرآن انٹرنیشنل سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ایک روزہ وزٹ پر ناروے تشریف لائے تو منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر ان کا رفقاء و ممبران کی طرف سے پُرتپاک استقبال کیا گیا اور اس موقع پر ورکرز کنونشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز آیات ربانی سے کیا گیا جس کی سعادت قاری انصر علی قادری نے حاصل کی۔ علامہ نور احمد نور، قاری انصر علی قادری، ہارون قیوم اور سعید یسین نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پُرجوش خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک کسی کی عبادت کا طالبگار نہیں بلکہ وہ یہ دیکھتا ہے کہ کون ہے جو میری نعمتوں کا شکر ادا کرتا ہے اور ضرورت مندوں کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ سے محبت کے تقاضے تب ہی پورے ہوں گے جب ہم اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہّ آج کے پرفتن دور میں منہاج القرآن اللہ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے جو شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں پوری دنیا میں اسلام کی خدمت کر رہی ہے۔ ورکرز کنونشن میں سابقہ اور موجودہ انتظامیہ کے ممبران نے بھرپور شرکت کی جن میں ظفر سیال، چوہدری مشتاق احمد، اعجاز وڑائچ، پرویز نثار، میاں اسلم، حاجی منظور احمد، حاجی صدیق ، ارشد نثار، نجم الثاقب، افتخار محمود، شیخ شوکت اور دیگر شامل ہیں۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض علامہ اقبال فانی، حافظ صداقت علی اور ناصر علی اعوان نے ادا کیے۔