اوسلو(عقیل قادر)ناروے میں نوزائیدہ سماجی تنظیم ”سکون”کے زیر اہتمام ایک چیرٹی ڈنر کا اہتمام مقامی ریسٹورینٹ میں کیا گیا جس میں اوسلو اور گردو نواح سے سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔چیرٹی ڈنر کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز فنکار مصطفی قریشی تھے جبکہ تقریب کی صدارت حمزہ شریف کے پولیٹکل سیکریڑی وسیم قادر نے کی۔ مصطفی قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ”سکون” کے پروجیکٹ کے بارے میں جان کر بہت خوشی ہوئی ہے اور کہا کہ وہ پاکستان میں تنظیم کی ترقی کے لیے ہر سطح پر تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیغمبر حضرت محمد مصطفی ﷺ کا بھی یہی پیغام ہے کہ انسانوں میں بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کے کام آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دعوں اور وعدوں سے کبھی بھی مسائل کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ”سکون” معذور افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں اس کو بہتر اور فعال بنانے کے لیے ہر شخص اپنی اپنی بساط کے مطابق حصہ ضرور ڈالے۔ماضی کی معروف اداکارہ سونیا خان نے مصطفی قریشی کی ناروے آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور انکی ناروے آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ ”سکون” کے چیئرمین شاہد جمیل نے کہا کہ ان کی تنظیم کا مقصد معذور بچوں کو ویل چیئر فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کی بجائے معاشرے کا ایک مفید شہری بن کر اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد بھی اس معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور ملک و قوم کے لیے خدمات پیش کرنے کے لیے انکی تنظیم شب و روز کوشاں ہے۔ مصطفی قریشی اور معروف سیاسی و سماجی رہنما عامر جاوید شیخ کی طرف سے دس دس ویل چیئر زڈونیٹ کی گئی جبکہ معذ ور بچوں کی ویل چیئرز کے لیے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر اور دل کھول کر ڈونیشن جمع کرائی۔