ٹوکیو(نمائندہ خصوصی)۔ افکار تازہ میں شامل مضامین اور کالم فکری آور تخلیقی انداز تحریر کا خوبصورت نمونہ ہیں جن کا مقصد معاشرہ کی اصلاح اور مثبت تبدیلی کی جدوجہد ہے۔عارف کسانہ کی تحریریں قرآنی فہمی، فکر اقبال، عشق رسول اور اہم معلومات عامہ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی بھی بھر پور ترجمانی کی ہے۔ وہ منجھے لکھاری اور بے باک صحافی ہیں۔ جاپان میں وہ بہت مقبول ہیں اور ان کی تحریریں بہت پسند کی جاتی ہیں۔ انہوں نے بچوں کے اسلام کے بارے میں سوالات کو دلچسپ کہانیوں کی صورت میں کتاب لکھ کر والدین کی مشکل آسان کردی ہے۔ ناصر ناکا گاوا ایک بے باک صحافی اور دل پسند شخصیت کے حامل ہیں جو دنیا بھر میں جاپان کی پاکستانی کمیونیٹی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے قلم سے ایک جہاد شروع کرر کھا ہے جس وجہ سے وہ بہت قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اردو نیٹ جاپان کے زیر اہتمام عارف کسانہ کی کتب افکار تازہ اور بچوں کے لیے دلچسپ اور انوکھی کہانیوں کی تقریب رونمائی اور اردو نیٹ جاپان کی ساتویں سالگرہ کی اس مشترکہ تقریب میں مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوے کیا جس میں میں جاپان میں مقیم معروف پاکستانی سیاسی، سماجی، دینی، علمی، صحافتی اور معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں کئی شرکاء جاپان کے دور دراز علاقوں سے طویل فاصلہ طے کرکے شریک ہوئے۔ اردو نیٹ جاپان کے چیف ایڈیٹر اور تقریب کے میزبان ناصر ناکاگاوا نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض ممتاز عالم اور الطاف غفار نے بہت خوبصورتی سے ادا کیے۔ حافظ مہر شمس کی تلاوت کلام پاک اور اس کے ترجمہ سے تقریب کا آغاز ہوا۔ تقریب سے سفارت خانہ پاکستان جاپان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن عدنان جاوید، ٹوکیو یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے پروفیسر ڈاکٹر سہیل عباس، کالم نگار حسین خان، طیب خان، ملک حبیب الرحمٰن، شاہد مجید، سردار اعجاز رفیق اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر عارف کسانہ کے ہم جماعت نیپال سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کیشب کمار باٹا جو نے بھی اردو میں اظہار خیال اور کہا کہ عارف کسانہ زمانہ طالب علمی میں بھی تحریروتقریر کی سرگرمیوں میں صف اوّل میں شامل تھے اور آج مجھے اپنے دوست کے اعزاز میں ہونے والی اس تقریب میں شرکت کرے بہت خوشی ہوئی ہے۔ ناصر ناکاگاوا نے افکار تازہ کے حوالے سے بات کرے ہوئے اس کاوش کو اردو ادب میں ایک خوبصورت اضافہ قرار دیا جس میں مختلف موضوعات پر مضامین اور کالم شامل ہیں۔ بچوں کے لیے بھی انہوں نے بہت اچھی کتاب لکھی ہے۔ انہوں نے کہ میں نے اپنے دورہ سویڈن کے دوران اس بات کا خود مشاہدہ کرکے آیا ہوں کہ وہاں وہ کس قدر اہم کام کررہے ہیں اور کمیونیٹی میں قابل عزت مقام رکھتے ہیں۔ مجھے وہاں سٹاک ہوم سٹڈی سرکل کے تحت ماہانہ درس قرآن میں شرکت بہت متاثر کن تھی کیونکہ آج تک اس انداز میں منعقد ہونے والا درس قرآن نہیں دیکھا جس میں قرآنی تعلیمات کی روشنی میں اپنے مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے اور اہل علم کھل کے اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہیں۔ تقریب میں ٹوکیو یونیورسٹی میں مطالعات خارجی میں اردو کے جاپانی پروفیسر توسوگوچی، پی آئی اے سنئیر آفیسر رانا عبدالوحید، بنگلہ دیش کے سید محمود الحسن اور نومسلم جاپانی محمد علی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عارف کسانہ نے کہا میرے لیے یہ بہت خوشی کا موقع ہے کہ جاپان میں میری کتابوں کی تقریب رونمائی منعقد ہو رہی ہے۔ انہوں نے ناصر ناکاگاوا اور جاپان میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونیٹی کی جانب سے پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے یہ جان کر دلی مسرت ہوئی ہے کہ یہاں میرے کالم بہت مقبول ہیں۔جن احباب نے بھی بچوں کی کہانیوں اور افکار تازہ کا مطالعہ کیا ہے اس بہت پسند کیا اور سراہا ہے۔ ناصر ناکا گاوا نے مشرق بعید میں اردو صحافت اور ادب کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ اردو نیٹ جاپان اب آٹھویں سال میں داخل ہورہا ہے اور اب یہ دنیا بھر میں مقبول ہوچکا ہے۔اس موقع پر عظیم سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر ناصر ناکا گاوا نے شرکاء کے اعزاز میں عشایئے کا بھی اہتمام کیا۔