اوسلو(عقیل قادر)14اگست یوم آزادی کو بھرپور اور شایان شان طریقہ سے منانے کے لیے ناروے بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں مختلف تنظیمات کی جانب سے بڑے پروگرامز ترتیب دئیے جا رہے ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے جاتے ہیں اور ملکی ترقی و سلامتی کے لیے دعا کی جاتی ہے۔ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمر اقبال نے بتایا کہ یوم آزادی کے پروگرام میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں خصوصی برگیڈئیر ڈاکٹر محمد خان، ڈی آئی جی آئی بی طارق عباس قریشی، معروف شاعر سید وصی شاہ، معروف خاتون اینکر پارس جہانزیب، سنگر اور ماڈل فرحانہ مقصود اور سرمد قدیرشامل ہیں۔ پاکستان کمیونٹی ناروے کے صدر چوہدری اقبال اظہر رندھیر نے بتایا کہ تیرہ اگست کو یوم آزادی کے پروگرام میں ایم پی اے چوہدری لال حسین، ایم پی اے میاں طارق محمود، کالم نگار اور شاعرہ ڈاکٹر صغر یٰ صدف، معروف گلوکار بلال سعید اور دیگر شرکت کریں گے۔ پاکستان ورکر ویلفیئر یونین کے مرکزی رہنما اور اوسلو سٹی کونسل کے ایم پی اے خالد محمود نے بتایا کہ انکے پروگرام کے مہمان خصوصی معروف گلوکار ابرالحق ہوں گے جبکہ مقامی رہنما بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔ چودہ اگست کمیٹی ناروے کے پروگرام میں اس سال پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مہمان خصوصی ہوں گے اور وہ بچوں کی ریلی کی قیادت بھی کریں گے جس کا اختتام سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں ہو گا۔ بلاول بھٹو زرداری جہاں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کریں گے وہاں بڑی تعداد میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے ان کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نسیم رضوی نے بتایا کہ ان کی تنظیم درامن Drammen شہر میں یوم آزادی کی تقریب منعقد کرے گی جس میں سفیر پاکستان رفعت مسعود ، درامن شہر کے میئر، نارویجن وزراء شرکت کریں گے اور پاکستان کے معروف قوال شہباز اور فیاض اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ پاک ناروے فورم کے جنرل سیکریڑی وسیم شہزادنے بتایا کہ وہ جشن آزادی کا پروگرام اس سال روایتی انداز سے مختلف انداز میں منعقد کریں گے جس میں مقامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔