دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد خطے جنوبی ایشیا میں بسنے والے تقریباً ایک ارب اسی کروڑ لوگوں میں بائیس کروڑ پاکستانی سب سے زیادہ خوش اور شاد ہیں۔
اقوام متحدہ کی سنہ دو ہزار سترہ کی 156 ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی ‘ورلڈ ہیپی نس رپورٹ’ کے مطابق اِن ملکوں کی درجہ بندی وہاں بسنے والوں لوگوں کی آمدن، صحت مند زندگی، مشکل وقت میں سہارا ملنے کی توقع ، فراخدلی، آزادی اور اعتماد جیسے عناصر کی کسوٹی پر پرکھنے کے بعد کی گئی۔
ان ملکوں کی درجہ بندی میں پاکستان 75ویں نمبر پر ہے لیکن اس کے باوجود اپنے خطے کے دیگر ملکوں سے کہیں آ گے ہے۔ خاص طور پر اپنے ہمسایہ ملک انڈیا سے، جس کا شمار دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشتوں میں ہوتا ہے اور جو فوجی لحاظ سے بھی بہت زیادہ طاقت ور سمجھا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان انڈیا سے ستاون درجہ بہتر ہے۔
عوامی سطح پر خوشی اور اطمینان کی درجہ بندی میں انڈیا اپنے سے کہیں چھوٹے اور اقتصادی لحاظ سے کمزور مشرقی ہمسایہ ملکوں نیپال، بنگلہ دیش، میانمار اور سری لنکا سے بھی کہیں پیچھے ہے۔ نیپال کا نمبر 101 ہے، بنگلہ دیش 115ویں، سری لنکا 116 ویں اور میانمار 130ویں نمبر پر ہے جب کہ انڈیا کا نمبر 133واں ہے۔
کسی بھی معاشرے کے لیے عوام کی خوشی اور اطمینان سے متعلق ان اہم عناصر کے تقابلی جائزے میں انڈیا جنگ سے بدحال افغانستان سے صرف 12 درجے آگے ہے۔
اس رپورٹ میں پورپی ملک فن لینڈ ، ناروے اور ڈنمارک بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ لیکن کسی اسلامی ملک کا نمبر پہلے دس ملکوں میں نظر نہیں آتا۔ متحدہ عرب امارات کا نمبر بھی اس فہرست میں 20واں ہے۔
دنیا کے طاقت ورترین ملک امریکہ کا نمبر بھی 18واں اور برطانیہ کا نمبر 19ویں نمبر پر آتا ہے۔