امریکہ کی یونیورسٹی آف ٹولیڈو نے ایک 96سالہ بابے کو گزشتہ روز کالج ڈگری جاری کر دی ہے جس کی تفصیلات کچھ ایسی ہیں کہ سن کر آدمی کی حیرت گم ہو جائے۔ میل ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق باب برگر نامی اس شخص نے 1940ء میں اس ادارے سے تعلیم حاصل کی تھی لیکن اسے کبھی ڈگری جاری نہیں کی گئی۔ باب کی آخری کلاس کے 68سال بعد اب اسے ڈگری دی گئی ہے۔ اس تاخیر کی وجہ یہ بیان کی جاتی ہے کہ باب نے ایسوسی ایٹ ڈگری کے تمام کورس مکمل کیے تھے لیکن ڈگری ملنے سے پہلے ہی امریکی فوج میں بھرتی ہو گیا۔ اس نے دوسری جنگ عظیم میں بھی حصہ لیاتھا۔ یوں اس کا ڈگری کا حصول ادھورا ہی رہ گیا۔
کچھ عرصہ قبل اس کی یونیورسٹی کے شعبہ ملٹری اینڈ ویٹرن افیئرزکے ڈائریکٹر ہیراز گینبری سے دوستی ہو گئی اور اس نے اسے اپنی تعلیم اور ڈگری نہ ملنے کے متعلق بتایا جس نے 1940ء کا ریکارڈ نکلوا کر تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ باب واقعی ڈگری کا حق دار ہے۔ اس پر گزشتہ روز یونیورسٹی نے اسے ڈگری جاری کر دی۔ ڈگری پانے کے بعد باب کا کہنا تھا کہ ’’میں جانتا ہوں کہ اس عمر میں میں سکول نہیں جا سکتا، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ مجھے اس طرح ڈگری ملے گی۔ ڈگری پا کر مجھے میرے سکول کے تمام دوستوں، کلاس فیلوز اور فیملی کی یاد آ گئی جو میری زندگی کا اہم ترین حصہ تھے اور ان میں سے اکثر اب اس دنیا میں نہیں رہے۔‘‘