شہرت یافتہ فلاحی ادارے اخوت فاونڈیشن کو سویڈن میں باقاعدہ چئیرٹی تنظیم کی حیثیت سے اخوت سویڈن کے نام سے رجسٹر کرلیا گیا ہے۔ سویڈن کے ٹیکس آفس کے سرکاری نوٹیفیکشن کے تحت اخوت سویڈن کا رجسٹریشن نمبر 802517-4247 ہے ۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والی یہ واحد فلاحی تنظیم ہے جو سویڈن میں رجسٹر ہوئی ہے۔ اخوت فاونڈیشن کے چئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اخوت سویڈن کے عہدیداروں کی بھی توثیق کردی ہے جس کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف کسانہ، نائب صدر برکت حسین، جنرل سیکریٹری ابرار اکبر، جوائینٹ سیکریٹری سجیلا عارف اور فنانس سیکریٹری مرزا قیصر محمود شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اخوت فاونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کی سربراہی میں دنیا بھر میں قرضہ حسنہ دینے والی سب سے بڑی تنظیم ہے۔ اخوت کے تحت بہت سے دیگر فلاحی منصوبوں کے علاوہ مستحق طلبا کے لیے مفت اعلی تعلیم کے لیے اخوت یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ اخوت فاونڈیشن کے سویڈن میں رجسٹر ہونے سے اسکینڈے نیویا میں مقیم عوام باآسانی اپنے عطیات دے سکیں گے۔