ہیرا بہت ہی نایاب چیز ہے، اتنی نایاب کہ کروڑوںنہیں بلکہ اربوں ایسے انسان ہیں جنہیں عمر بھر اپنی آنکھوں سے ہیرا دیکھنے کا اتفاق نہیں ہوتا۔ دوسری جانب قدرت کا کرشمہ دیکھئے کہ زمین کی گہرائی میں اتنی بڑی مقدار میں ہیرے چھپے ہیں کہ جن کا کوئی حساب اور شمار ہی ممکن نہیں۔ سائنسدانوں نے زمین کی تہہ میں چھپے ہیروں کے اس خزانے کا سراغ حال ہی میں لگایا ہے، جس کی کل مالیت اربوں کھربوں ڈالر ہے۔
ویب سائٹmetro کے مطابق تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ہیرے براعظموں کی کریٹونک روٹس میں موجودہیں۔ کریٹونک روٹس دراصل براعظموں کو آپس میں ملانے والے کناروں سے سینکڑوں میل نیچے موجد چٹانیں ہیں جو الٹی پہاڑیوں کی شکل میں ہے۔ امریکی یونیورسٹی ایم آئی ٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف ارتھ سے تعلق رکھنے والے سائنسدان الریک فال کا کہنا تھا کہ اس تحقیق سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جس ہیرے کو ہم نایاب سمجھتے ہیں دراصل وہ بہت ہی بڑی مقدار میں زمین کے نیچے موجود ہے۔ اس خزانے کے بارے میں بس ایک مشکل ہے کہ یہ سینکڑوں میل کی گہرائی پر ہے جہاں تک پہنچنے کیلئے تاحال کوئی ٹیکنالوجی موجود نہیں۔ فی الحال ہم ان ہیروں تک پہنچ نہیں سکتے لیکن اس بات میں کوئی شک نہیں کہ زمین کی تہہ میں موجود ہیروں کی مقدار اتنی بڑی ہے کہ جس کا تصور کرنا بھی مشکل ہے۔